جموں //آئندہ دِنوں جموں خطے کی تمدنی کثرت کے تعلق سے منعقد ہونے والے چار روزہ جموں مہااُتسو 2017ء کی افتتاحی تقریب یہاں منعقد ہوئی ۔اس موقعہ پر سیاحت ، تمدن اور پھولبانی کی وزیر مملکت پریا سیٹھی نے کہا کہ یہ سرگرمی جموںکو قومی اور بین الاقوامی سطح کی سیاحتی جگہ کے طور اُبھارنے کی شروعات ہے ۔انہوںنے کہا کہ اس سے تہذیب و تمدن کو اپنی اصل شکل میں پیش کرنے میں مدد ملے گی۔پریاسیٹھی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی سربراہی میں ریاست کی تینوں خطوں میں سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے ایک دور رَس سیاحتی ماڈل عملایا جارہا ہے۔انہوںنے کہا کہ جموں کو ایک عقیدتی اور مذہبی سیاحتی مقام کی سمت میں اُبھارنے کی خاطر جموں مہااُتسو اسی کوشش کا ایک حصہ ہے تاکہ سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکے ۔انہوںنے کہا کہ یہ تقریب ہر سال منعقد کی جائے گی۔ وزیر موصوفہ نے کہا کہ اس تقریب کے دوران جے کے ٹی ڈی سی کی اشتراک سے خصوصی پیکیج متعارف کی جائے گی تاکہ خطے کی جانب زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کیا جاسکے۔اس سلسلے میں 13؍ اپریل سے 16؍ اپریل تک تقریبات منعقد ہوں گی جبکہ مرکزی تقریب باغِ بہو میں منعقد کی جائے گی۔ اس دوران 10؍ اپریل کو امر محل سے مبارک منڈی تک ہیرٹیج واک کا اہتمام کیا جائے گا۔11اور 12 ؍ اپریل کو کلچر کارنیوال ہوگا اور 13؍ اپریل کو لکھوندر وڈالی کا شو ہوگا ۔14؍ اپریل کو ابھے سوپوری اپنے فن کا مظاہر ہ کریں گے اور 16؍اپریل کو ببل رائے پروگرام پیش کریں گے۔اس کے علاوہ دیگر کلچرل پروگرام اور لوک رقص پیش کئے جائیں گے۔پروگرام میں مختلف پکوانوں کے سٹال بھی لگائے جائیں گے ۔اس کے علاوہ چلڈرن فلم فیسٹول اور کلاکیندر میں آرٹ نمائش کا اہتمام بھی ہوگا۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر جموں ڈاکٹر پون کوتوال ، ناظم اطلاعات و ایم ڈی جے کے ٹی ڈی سی ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری ، ناظم سیاحت جموں ششما چودھری اور آئی جی ایس ڈی سنگھ کے علاوہ دیگر کئی افسران بھی موجود تھے۔