یو این آئی
جموں// ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن جموں نے جمعرات کو جموں صوبے کے تمام سرکاری اور نجی سکولوں کو موجودہ خراب موسمی حالات اور سیلاب کے خطرے کے پیش نظر 30 اگست تک بند رکھنے کا حکم دیا ہے ۔ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں ڈاکٹر نسیم جاوید چودھری کی طرف سے جاری حکم نامے کے مطابق مسلسل موسلا دھار بارش کے باعث سکولوں کے احاطوں میں پانی جمع ہو گیا ہے ، نشیبی علاقوں میں سیلاب آ گیا ہے ، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے خطرات اور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے جس نے سکولوں میں طلبا کی حاضری کو نا ممکن بنا دیا ہے ‘۔انہوں نے کہا کہ جموں صوبے کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکول 30 اگست 2025 تک بند رہیں گے ۔ اداروں کے سربراہان کو کہا گیا ہے کہ وہ جہاں بھی ممکن ہو وہاں 9 ویں سے 12 ویں جماعت کے طلبا کے لیے آن لائن کلاسز کی فزیبلٹی کا جائزہ لیں اور کلاسز دوبارہ شروع ہونے سے پہلے کلاس روموں کی مکمل صفائی و ستھرائی اور حفاظتی معائنے کو یقینی بنائیں۔