عظمیٰ نیوزسروس
جموں//ڈویژنل کمشنر جموں، رمیش کمار نے جموں ڈویژن میں کام کرنے والے پرائیویٹ ٹیوشن/کوچنگ سینٹروں کی حفاظت اور مناسب کام کاج کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں کمشنر جموں میونسپل کارپوریشن، جموں ڈویژن کے ڈپٹی کمشنر، وائس چیئرمین جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن، جوائنٹ ڈائریکٹر، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔میٹنگ کے آغاز میں، ڈویژنل کمشنرنے متعلقہ ضلعی انتظامیہ سے جموں کے تمام اضلاع میں کام کرنے والے تمام کوچنگ سینٹروں اور پرائیویٹ ٹیوشن انسٹی ٹیوٹس کی تفصیلات طلب کیں۔صوبائی کمشنرنے متعلقہ اضلاع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنروں کی سربراہی میں ہر ضلع میں ایک کمیٹی تشکیل دی جو سات دنوں میں پرائیویٹ ٹیوشن/کوچنگ سینٹروںکے کام اور حفاظت کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔کمیٹی کے اراکین کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں کام کرنے والے ایسے تمام کوچنگ سینٹروںکا دورہ کریں اور ان کا معائنہ کریں۔کمیٹی مناسب حفاظتی خصوصیات، عمارت کے ضوابط اور اصولوں کی پابندی، فائر سسٹم، سپیس، سی سی ٹی وی اور ایمرجنسی ایگزٹ کے علاوہ دیگر اہم پیرامیٹروںپر کوچنگ سینٹرز کا جائزہ لے گی۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ تمام طلباء جو پڑھائی کے لیے آتے ہیں اور کوچنگ سنٹروں میں ٹیوشن لینے آتے ہیں ان کی حفاظت اور تحفظ سب سے اہم ہے۔