جموں//وزیر برائے خوراک، شہری رسدات اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقارعلی نے ریاست میں اناج پیسنے کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے نئی مِلوں کو پینل میں شامل کرنے کی ہدایت دی۔وزیر نے یہ ہدایات جموں شہر میں غذائی اجناس کا کوٹا مختص رکھنے اور اس کی تقسیم کاری کا جائزہ لینے کے دوران دیں۔دوران میٹنگ وزیر کو بتایا گیا کہ ہر ماہ قریباً 1.25 لاکھ کوئنٹل گیہوں کو پیسنے کی ضرورت ہے جو چند مِل مالکان پوری کرنے سے قاصر ہیں۔متعلقہ افسران کو محکمہ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے نئی مِلوں کو پینل میں شامل کرنے کچھ ہدایت دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ صار فین کو اس ضمن میں کسی بھی دِقت کا سامنا نہیں ہونا چاہئے۔وزیر نے محکمہ عوامی تقسیم کاری کے لئے خصوصاً اناج پیسنے والی مِلوں کی صلاحیت کو توسیع دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا جو مِلیں محکمہ مانگ پوری نہیں کرسکیں انہیں اس کام سے فارغ کردینا چاہئے۔اس کے علاوہ نئی مِلوں کو بھی پینل میں شامل کیا جانا چاہئے تاکہ محکمہ کی ضرورت پوری ہوسکے ۔چودھری ذوالفقار نے اکونٹس افسران کو مِل مالکان کے پاس رکھی بوریوں کی قیمت محکمہ خزانہ کی مقرر کردہ نرخوں کے تحت کم کرنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ محکمہ کی جائیدا د ہے جو مل مالکان کے پاس ہے اس لئے محکمہ کو اس سے آمدن حاصل ہونی چاہئے ۔ انہوں نے افسرا ن کو فوڈ کا رپوریشن آف انڈیا کے ساتھ حساب و کتاب فوری طور طے کرنے کے لئے کہا۔ ریاست میں غذائی اجناس کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ایم ایم ایس ایف ای ایس پر عمل درآمد پر زور دیتے ہوئے وزیرنے کہا کہ محکمہ کے افسران کو سکیم کے مقصدکو پورا کرنے کے لئے تندہی اورلگن سے کام کرنا چاہئے ۔ وزیر نے کہا کہ غذائی اجناس کی تقسیم کاری میں کسی بھی تفاوت کو دور کرنے کے لئے گذشتہ دو برسوں کے حساب و کتاب کا آڈِٹ فوری طور کیا جانا چاہئے۔ وزیر نے محکمہ کے جموں ناظم جی ایس چِب کو ماہانہ جائزہ میٹنگوں کا انعقاد کر کے غذائی اجناس کے حصول ، الاٹمنٹ اور تقسیم کاری سے متعلق تفصیل مرتب کرنے کی ہدایت دی۔وزیر نے غذائی اجناس کے حصول کے لئے اس ہفتہ کے اخیر تک ای ۔ ٹینڈرنگ کے تحت ٹینڈر طلب کرنے کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر نے کہا کہ ہرماہ کی 26 تاریخ تک ٹینڈر نوٹس کو حتمی شکل دی جانی چاہئے اور اگلے 25 دنوںمیں ٹینڈر طلب کرنے کا عمل مکمل کیا جانا چاہئے۔سیکرٹری خوراک، شہری رسدات اور امور صارفین محکمہ کے ناظم جموں اور دیگر متعلقہ افسران میٹنگ میں موجود تھے۔