جموں//ریاست کے دیگرحصوں کی طرح جموں شہرمیں بھی وجے دشمی یعنی دسہرہ کا تہوارمذہبی جوش وخروش اورعقیدت واحترام کے ساتھ منایاگیا۔اس سلسلے میںپریڈگرائونڈاور گاندھی نگرمیں لوگوں کی کثیرتعدادنے جمع ہوکر راون ،کنبھ کرن اور میگھناتھ کے پتلے نذرآتش کئے۔اس کے علاوہ مختلف تنظیموں کی جانب سے ہتھیاروں کی پوجا’شسترپوجا‘کابھی اہتمام کیاگیا۔قابل ذکرہے کہ دسہرہ ہندولوگ بھگوان رام کی راون پرفتح کی یادمیں مناتے ہیں اوراسے برائی پر اچھائی کی جیت کی علامت قراردیاگیاہے۔اس روز نوراتروں اوردرگاپوجاکابھی اختتام ہوتاہے۔یکم اسوج سے نوراترے شروع ہوجاتے ہیں اوران دنوں میں گھر گھر شکتی پوجا اور رامائین کے پاٹھ شروع ہوجاتے ہیں۔صوبہ جموں کے اضلاع مثلاًجموں، ادھم پور، ریاسی (کٹرہ )،ادھم ،پونچھ راجوری، رام بن، وغیرہ میں نوراتروں کے دنوں میں رات کو رام لیلا سٹیج پر کھیلی جاتی رہی۔