عظمیٰ نیوزسروس
نئی دہلی//مرکزی وزیر برائے ریلوے اشونی ویشنو نے بدھ کے روز جموں سےماتا ویشنو دیوی کٹراہ کے درمیان ایک نئی ریلوے لائن کی تعمیر کے لیے فائنل لوکیشن سروے (FLS) کی منظوری کا اعلان کیا ہے۔یہ فیصلہ جموں و کشمیر میں ریل رابطے کو بہتر بنانے کی سمت ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے، خاص طور پر ان عقیدت مندوں کے لیے جو ویشنو دیوی مندر کی زیارت کے لیے بڑی تعداد میں سفر کرتے ہیں۔مرکزی وزیر جتندر سنگھ کو لکھے گئے خط میں اشونی ویشنو نے لکھا’’ ڈاکٹر جتندر سنگھ جی، جموں اور ماتا ویشنو دیوی کٹرا کے درمیان نئی ریلوے لائن کی تعمیر کے لیے سروے کے سلسلے میں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ اس منصوبے کے لیے فائنل لوکیشن سروے (FLS) کی منظوری دے دی گئی ہے۔تجویز کردہ نئی لائن کا مقصد زائرین اور مسافروں کے لیے سفر کو مزید آسان اور سہل بنانا ہے۔وہیں اِس موقعہ پریونین وزیر جتندر سنگھ مرکزی وزیر اشونی ویشنو کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ ماتا ویشنو دیوی کے عقیدت مندوں اور مسافروں کے لیے نقل و حمل میں سہولت فراہم کرے گا۔ انھوں نے کہا یہ جموں و کشمیر میں ریل رابطے کو دی جانے والی اولین ترجیح کا نتیجہ ہے جو وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت اور رہنمائی میں 2014 سے جاری ہے۔ 50 سال کے طویل وقفے کے بعد اب کشمیر وادی میں ریلوے خدمات کی پیش رفت ممکن ہو رہی ہے۔یہ پہلا موقع ہے کہ پانچ دہائیوں بعد کشمیر وادی کی طرف ریلوے رابطے کے بڑے منصوبے کو باضابطہ طور پر آگے بڑھایا گیا ہے۔ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں خطے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، خاص طور پر نقل و حمل اور سیاحت سے متعلق منصوبوں پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔