عظمیٰ نیوزسروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے بھگوتی نگر یاتری نواس سے بڈھا اَمرناتھ یاترا کے پہلے قافلے کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔روانہ کیا۔اُنہوں نے تمام یاتریوں کے لئے محفوظ اور روحانی سفر کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے بابا اَمرناتھ و بڈھا اَمرناتھ یاتری نیاس، محکمہ سیاحت، ضلعی اِنتظامیہ، دیگرشراکت داروں اور لنگرخدمات کرنے والی تنظیموں کے منظم کام کو سراہا۔سالانہ یاترا اور بڈھا اَمرناتھ جی میلہ کے لئے تمام انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے میڈیا اَفراد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ،’’پہلے قافلے میں ملک بھر سے زائد اَز 1000 یاتری بڈھا اَمرناتھ کی یاترا پر روانہ ہوئے ہیں۔ کل تک 3.77لاکھ یاتری اَمرناتھ کی پوتر گپھا میں درشن کر چکے ہیں۔ مجھے اُمید ہے کہ ملک بھر سے یاتری بڈھا اَمرناتھ کے درشن کے لئے بھی آئیں گے اور جموں و کشمیر اور ملک کی ترقی و امن کے لئے دعا کریں گے۔‘‘پرچم کشائی کی اس تقریب میں ممتاز روحانی پیشوا، مذہبی تنظیموں کے سربراہان، عوامی نمائندے، سول اِنتظامیہ، پولیس، سیکورٹی فورسز کے اعلیٰ اَفسران، سرکردہ شہریوں اور عقیدت مندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔