سرینگر/حکام نے سنیچر کو جموں سے امرناتھ یاتریوں کی روانگی ایک دن کیلئے معطل کی ہے۔یاترا کی یہ معطلی وادی میں یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر کی جانے والی ہڑتال کے پیش نظر عمل میں لائی گئی ہے۔
حکام کے مطابق آج جموں سے کسی بھی امرناتھ یاتری کو وادی کی طرف روانہ ہونے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ جموں کشمیر میں ہر سال13جولائی کو یوم شہداکے طور منایا جاتا ہے۔1931میں آج ہی کے دن ڈوگرہ مہاراجہ کی فورسز نے سرینگر سینٹرل جیل کے باہر گولیاں چلاکرمتعدد افراد کو موت کے گھاٹ اُتارا تھا۔
اس دن سرکاری طور تعطیل منائی جاتی ہے اور مزار شہدا ،واقع نقشبند صاحب سرینگر پر جاکر شہدا کی قبروں پر گلباری کی جاتی ہے۔
اس سال امرناتھ یاترا یکم جولائی کو شروع ہوئی تھی اور اب تک حکام کے مطابق کم و بیش ڈیڑھ لاکھ یاتریوں نے گپھا میں خصوصی پوجا کی ہے۔امرناتھ یاترا15اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔