محمد تسکین
جموں// جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں کے پھلائیں منڈال میں دو گاڑیوں کے مابین آپسی ٹکر کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق پھلائیںمنڈال جموں میں درمیان شب دو بجے کے قریب رنگ روڈ کے نزدیک دو گاڑیوں کے درمیان زور دار ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں تین افراد شدید طورپر زخمی ہوئے۔معلوم ہوا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے دوشیزہ سمیت دو افراد کو مردہ قرار دیا جبکہ تیسرے نوجوان کی بھی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔متوفین کی شناخت جواں سال دوشیزہ الیش اور موہت بھارتی کے بطور ہوئی ہے۔ زخمی نوجوان کی پہچان ہاپے کمار کے بطورکی گئی ہے۔ ادھرجموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع ناچلانہ کے قریب ایک ٹرک کے حادثے میں ٹرک ڈرائیور زخمی ہوا ۔پولیس نے بتایا کہ جموں سے سرینگر کی طرف آنے والا ایک ٹرک نمبر PB-10HG/ 4073 ناچلانہ کے قریب شاہراہ سے لڑھک کر نیچے نالہ بشلڑی کے کنارے جا گرا ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں ، پولیس ، فوج اور کیو آر ٹی کے رضاکاروں نے ٹرک میں سوار زخمی ڈرائیور کو فوری طور پر ریسکیو کرکے نزدیکی فوجی کیمپ میں علاج کیلئے منتقل کیا۔ ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد زخمی ڈرائیور کو ایمرجنسی ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرک میں چوکر لدھا ہوا تھا اور ٹرک اور اس میں لدھا سامان مکمل طور سے تباہ ہو گیا ہے۔