محمد تسکین
بانہال// جمعہ کے روز جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور ٹریفک جام کے اکا دُکا واقعات کو چھوڑ کر شاہراہ کا ٹریفک مجموعی طور پر بہتر رہا ۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ کے روز مسافر گاڑیوں کو دونوں طرف کے ٹریفک میں چلنے کی اجازت تھی جبکہ مال بردار گاڑیوں کو پہلے صبح کے اوقات میں وادی کشمیر سے جموں کی طرف اور بعد میں ادہم پور سے سرینگر کی طرف آنے کی اجازت تھی ۔انہوں نے کہا کہ آج یعنی ہفتے کے روز شاہراہِ پر مسافر گاڑیوں کا دوطرفہ ٹریفک ہوگا جبکہ سیب سے لدھے سینکڑوں ٹرکوں کو وادی کشمیر سے جموں کی طرف آنے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے کے روز پہلے سیکریٹریٹ کی گاڑیوں کو سرینگر سے جموں جانے کی اجازت ہوگی اور سیکریٹریٹ سے منسلک ان گاڑیوں کے چندرکوٹ پار کرنے کے بعد مال بردار ٹرکوں اور ایندھن بردار ٹینکروں کو قاضی گنڈ سے جموں کی طرف بحال کیا جائے گا جبکہ مسافر گاڑیوں کو معمول کے ٹریفک میں چلنے کی اجازت ہوگی۔
 
								 
			 
		 
		 
		 
		 
		 
		 
		