محمد تسکین
بانہال // ضلع رام بن میں دھوپ اور چھاؤں کے ملے جلے موسم کے ساتھ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور امرناتھ یاترا کو وقت سے پہلے سے اختتام پذیر کرنے کے بعد شاہراہ پر سویلین ٹریفک پر اوقات کی بندش ختم کی گئی اور قاضی گنڈ اور نگروٹہ اور ادہم پور سے ٹریفک کو معمول کے مطابق چلنے کی اجازت دی گئی۔ شاہراہ پر بندشوں کے خاتمے کے بعد وادی کشمیر سے جموں جانے والے ایسے ہزاروں لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے جنہیں دن کے ساڑھے گیارہ بجے بعد ہی قاضی گنڈ ۔ بانہال ٹنل کو پار کرکے جموں کی طرف جانے کی اجازت دی جاتی تھی۔ ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ منگل کی شام تک شاہراہ پر معمول کا ٹریفک جاری تھی اور دو طرفہ مسافر ٹریفک کے ساتھ ساتھ جموں سے وادی کشمیر کی طرف مال بردار گاڑیاں یکطرفہ ٹریفک میں چل رہی تھیں۔