محمد تسکین
بانہال//جموں سرینگر قومی شاہراہ تھرڈ ادہمپور کے مقام مسلسل چھ روز سے ٹریفک کیلئے بند ہے۔ اور علاقے میں وقفے وقفے کی بارش شاہراہ کی بحالی کیلئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور ٹریفک حکام کیلئے دشواریوں کا باعث بنی ہوئی ہے۔26 اور 27 اگست کو جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع ادہمپور ۔ چینی اور ناشری ۔ بانہال کے درمیان شاہراہ کو بارشوں اور سیلابی صورتحال کیوجہ سے شدید نقصان پہنچا تھا اور کئی روز کے بعد اسے یکطرفہ اور عارضی ٹریفک کے قابل بنایا گیا لیکن 3 ستمبر کی بارشوں نے ایکبار پھر تباہی مچادی اور جھکینی اور بلی نالہ کے درمیان شاہراہ پر واقع تھرڈ کے مقام پر شاہراہ سمیت ایک پہاڑی کے نکل جانے سے شاہراہ کی بحالی کیلئے کی جارہی کو شیشوں کو شدید دھچکا پہنچایا ۔ یوں شاہراہ مجموعی طور پچھلے 13 روز سے بند ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ادہمپور میں شاہراہ کی بحالی کا کام جاری ہے جبکہ باقی حصوں کو قابل آمدورفت بنایا گیا لیکن تھرڈ میں گر آئے ایک بڑے پہاڑ کے ملبے کو ہٹا کر شاہراہ کی بحالی کا کام دشواریوں کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کو بھی وقفے وقفے کی بارشوں نے کام کو متاثر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے اور اتوار کے روز مزید کئی چٹانوں کو بلاسٹنگ سے توڑا گیا۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے پروجیکٹ مینیجر، رام بن سیکٹر، شوبم نے کہا کہ موسلا دھار بارش نے صبح دوبارہ بحالی کی کوششوں میں رکاوٹ پیدا کر دی ہے تاکہ 250 میٹر طویل حصے کو صاف کیا جا سکے، جو کہ ادھم پور ضلع کے تھرڈ میں ایک پہاڑی کے نیچے دبی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ “شاہراہ کی جلد بحالی کو یقینی بنانے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر بڑے بڑے پتھروں کو دھماکے سے اڑانے کے لیے دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔ بارش کے باوجود کام سست رفتاری سے جاری ہے۔ہائی وے پر ٹریفک، کشمیر کو ملک کے باقی حصوں سے جوڑنے والی واحد تمام موسمی سڑک، 2 ستمبر کو معطل کر دی گئی تھی ۔