بانہال// جموں سرینگر شاہراہ پرواقع مگر کوٹ کے نزدیک ایک بھاری بھرکم سوکھا درخت وہاں سے گذررہی ایک تویرا گاڑی پر گر گیا جس کی زد میں آکر گاڑی میں سوار دو افراد موقع پر ہی لقمہ اجل جبکہ 5 دیگر مسافر زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ یہ ٹویرہ گاڑی پیر کی صبح گیارہ بجے کے قریب رامسو اور مگرکوٹ کے درمیان بھاری بھرکم درخت کی زد میں آنے کے بعد تباہ ہوگئی اور زخمی مسافر کافی عرصے تک گاڑی میں ہی پھنسے رہے۔ یہ ٹویرا گاڑی نمبر JK-03E/ 5920 مٹن ، اننت ناگ (اسلام آباد ) سے جموں کی طرف جارہی تھی کہ شاہراہ پر مگر کوٹ کے نزدیک سوشل فارسٹری کی طرف سے شاہراہ کی کشادگی کیلئے کاٹا گیاایک سوکھا درخت پہاڑی سے لڑھک کراچانک گاڑی پر گرگیا اور موقع پر ہی گاڑی میں سوار دو افراد کی موت کا باعث بنا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ درخت نیشنل ہائے وے اتھارٹی اف انڈیا کی طرف سے شاہراہ کی کشادگی کے سلسلے میں محکمہ سوشل فارسٹری کی طرف سے مقرر کئے گئے ایک ٹھیکیدار کی مدد سے کاٹے جارہے تھے اور غالبا اس درخت کا آدھا تنا کسی مزدور نے گذشتہ رات کو ہی کاٹ کے رکھا ہوا تھا اور یہ درخت اج عین اسوقت پہاڑی سے گر کر شاہراہ پر آیا ، جب سات مسافروں سے بھری یہ ٹویرا گاڑی وہاں سے گذررہی تھی تاہم اس علاقے میں درختوں کو کاٹنے کا کام چل رہا تھا اور پولیس نے مبینہ لاپرواہی سے جان لینے سمیت سمیت کئی درج کئے ہیں ۔ حادثے کی خبر ملتے ہی ایس ایچ او رامسو منیر احمد خان پولیس ، فوج اور مقامی رضاکاروں کو لیکر وہاں پہنچے اور انہوں نے تباہ ہوئی گاڑی سے زخمیوں کو نکالا کر رامسو ہسپتال پہنچایا جہاں ابتدائی علاج کے بعد تمام پانچ زخمیوں کو رام بن ضلعی ہسپتال منتقل کیا گیا اور بعد میں ان کی حالت کے پیش نظر انہیں جموں کے ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ تباہ ہوئی گاڑی میں پھنسی دو لاشوں کو نکلالنے میں تعمیراتی مشینری جے سی بی کا استمال کرنا پڑا اور سخت محنت کے بعد ان لاشوں کو اس گاڑی سے نکالا جا سکا۔۔ مرنے والوں کی شناخت اسسٹنٹ سب انسپکٹر آئی آر پی کلدیپ کمار ولد نانک چند ساکنہ نو شہرہ ضلع کٹھوعہ اور گلزار احمد میر ولد غلام نبی میر ساکنہ مٹن ، ضلع اننت ناگ کے طور کی ہے۔ حادثے میں ڈرائیور جاوید احمد وگے ساکنہ مٹن ، اننت ناگ سمیت پانچ زخمی محمد سلامت ، تصور انصاری ، افتاب احمد ساکنان ریاست اترا کھنڈ اور نسار احمد میر ساکنہ ڈورو شاہ اباد ضلع اننت ناگ (اسلام اباد) کو رام بن سے جموں کے ہسپتال منتقیل کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرنے والوں میں پولیس افسر کلدیپ کمار چھٹی پر اپنے گھر کی طرف جارہا تھا جبکہ مٹن کا گلزار احمد ڈار غم روزگار کے سلسلے میں بنگلور کی طرف جارہا تھا لیکن موت نے ان کی راہ روک لی۔ پولیس کے مطابق اس سلسلے میں محکمہ سوشل فارسٹری ڈویزن رام بن ، تعمیراتی کمپنی ایچ سی سی کی منیجیمنٹ اور وغیرہ کے خلاف ایک کیس زیر نمبر ۰۹ زیر دفعہ 336,337, 304A RPC یا رنبیر پینل کوڈ درج کیا گیا ہے۔