محمد تسکین
بانہال // جموں سرینگر شاہراہ جمعہ کے روز ضروری مرمت اور دیکھ بھال کے لیے ٹریفک کو معطل کر دیا گیا۔کشمیر کو ملک کے باقی حصوں سے جوڑنے والی واحد ہمہ موسمی سڑک، 12گھنٹے تک معطل رہی۔ انتظامیہ نے اس سے قبل 24 فروری، 3اور 10مارچ کو ناشری اور بانہال کے درمیان شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ شاہراہ کو لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے گرنے سے ہونے والے نقصانات کے تناظر میں مرمت اور دیکھ بھال کے اہم کاموں میں سہولت فراہم کی جا سکے۔ محکمہ ٹریفک حکام نے بتایا”شاہراہ کو ناشری سے بانہال کی طرف اور اس کے برعکس جمعہ کی صبح 6 بجے سے ہفتہ کی صبح 6 بجے تک ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔ اسی طرح کا ڈرائی ڈے 10 مارچ کو بھی منایا جائے گا،‘‘ ۔انہوں نے کہا کہ جمعہ کی صبح جموں یا سرینگر سے کسی بھی گاڑی کی آمدورفت کی اجازت نہیں دی گئی تاکہ شاہراہ کی مرمت اور دیکھ بھال کو کسی پریشانی کے بغیر یقینی بنایا جا سکے۔