بانہال // اتوار کو جموں سرینگر شاہراہ پر بانہال اور رامسو کے علاقوں میں کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام کا سلسلہ جاری رہا اور ٹریفک کی دو طرفہ نقل وحمل سست ہو کر رہ گئی۔ آج صبح سے ہی قصبہ بانہال اور اس کے تین کلومیٹر کے سیکٹر پر واقع جموں سرینگر شاہراہ پر ٹریفک جام کا سلسلہ شروع ہوا جو دوپہر بعد بھی جاری رہا تاہم بعد میں اس پر قابو پایا گیا۔ ادھر رامسو مگر کوٹ سیکٹر میں تیز ہواو¿ں کی وجہ سے بلاک دفتر کے نزدیک فورلین شاہرا کے کام کے مقام پر پہاڑی سے مٹی اور پتھر گر رہے ہیں جس کی وجہ سے اتوار کی شام کو سڑک پر ٹریفک کے متاثر ہونے کی وجہ سے ٹریفک جام رہا اور یہ سلسلہ شام آٹھ بجے تک جاری تھا اور ٹریفک کو بحال کرنے کیلئے تیز اندھی کو رکنے کا انتظار کیا جارہا ہے۔ ٹریفک جام کی وجہ سے اپنی اپنی منزلوں کا رخ کرنے والے سینکڑوں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کلومیٹروں کا سفر طے کرنے میں مسافروں کو کئی کئی گھنٹے لگے۔