محمد تسکین
بانہال //جموں سرینگر قومی شاہراہ متعدد مقامات پر پتھروں اور پسیوں کے گرنے اور ادھم پور کے علاقے میں سڑک کے نکل جانے کیوجہ سے بْدھ کو دوسرے روز بھی گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند رہی اور رام بن۔ بانہال سیکٹر کے علاوہ ادھم پور ضلع میں شاہراہ کی بحالی کا کام جاری ہے اور ادھم پور سیکٹر میں جموں سرینگر قومی شاہراہ کو پہنچے نقصان کی وجہ سے شاہراہ کی بحالی مزید وقت لے سکتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر رام بن محمد الیاس خان نے بْدھ کے روز ایس ایس پی رام بن ارون گپتا اور ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے راجہ عادل کے ہمراہ رام بن کے علاقوں میں بارشوں ، چناب میں پانی کی بڑھتی سطح اورمختلف مقامات پر بند شاہراہ کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر رام بن محمد الیاس خان نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ادھم پور اور رام بن بانہال سیکٹر میں جموں سرینگر قومی شاہراہ کئی مقامات پر بند ہے اور نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا کی مشینری اور افراد قوت کو بحالی کے کام کام پر لگایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماروگ کے علاقے میں سڑک کا ایک بڑا حصہ نکل جانے کے بعد وہاں دو سے تین سو میٹر کی لمبائی والی متبادل سڑک بنانے کا کام جاری ہے اور بْدھ کی شام دیرتک رام بن ضلع میں شاہراہ کو یکطرفہ ٹریفک کے قابل بنانے کی اْمید ہے۔ البتہ ادھم پور میں کئی مقامات پر شاہراہ مسلسل بند ہے۔ ادھم پور اور رام بن میں شاہراہ کی خرابی کے بارے میں بات کرنے پر ٹریفک حکام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ بْدھ کی دوپہر سے موسلادھار بارشوں کا سلسلہ تھم جانے کے بعد منگل کی صبح سے ٹریفک کیلئے بند قومی شاہراہ کی بحالی کے کام میں بھی تیزی آئی ہے اور رام بن۔ بانہال سیکٹر کو یکطرفہ ٹریفک کے قابل بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا تاہم چینینی اور ادھم پور کے درمیان شاہراہ متعدد مقامات پر پسیوں اور پتھروں کی زد میں آئی ہے اور جھیکنی ، تھرڈ ، بلی نالہ اور دیول پل کے علاقوں میں توی ندی میں آئے سیلاب کی وجہ سے سڑک نکل گئی ہے جس کیوجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی مکمل بحالی میں وقت لگ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بٹوٹ۔ ڈوڈہ شاہراہ قابل آمدورفت ہے تاہم ڈوڈہ اور کشتواڑ کے درمیان کا حصہ پسیوں کے گر انے کی وجہ سے بند ہے اور بحال کا کام چل رہا ہے۔