جموں// ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید نے جموں سرینگر شاہراہ پر حفاظت کے معقول انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے دربار مؤ کے سلسلے میں انتظامات کا جائیزہ کے دوران مختلف ونگوں کے سنیئر افسروں سے بات کرتے ہوئے ڈی جی پی نے ملازمین اور سرکاری ریکارڈ کی پُر تحفظ اور بلا خلل نقل و حمل کو یقینی بنانے اور شاہراہ اور دونوں شہروں میں ٹریفک میں معقولیت پر زور دیا۔ڈی جی پی نے گرمائی راجدھانی میں دفاتر کے احسن کام کاج کے لئے سیکورٹی کے معقول بندوبست پر بھی زور دیا۔ڈی جی پی پولیس اسٹینس بوتھ قائم کرنے، ریکوری وینوں کی دستیابی اور موبائل پولیس کنٹرول گاڑیاں دستیاب رکھنے کے احکامات دیئے۔پولیس سربراہ نے ریاست میں امن و قانون کی صورتحال کا تفصیلی جائیزہ لیتے ہوئے امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے پولیس اور دیگر حفاظتی دستوں کے مابین قریبی تال میل پر بھی زور دیا۔میٹنگ میں اے ڈی جی پی آرمڈ ایل موہنتی، آئی جی پی ( سی آئی ڈی) عبدالغنی میر، آئی جی پی جموں ایس ڈی سنگھ جموال، آئی جی پی ٹریفک جگجیت کمار، آئی جی پی پرنسپل( پی ایچ کیو) جے پی سنگھ، ڈی آئی جی جموں اشکور وانی، ڈی آئی جی ( اے پی) جموں الوک کمار، اے آئی جی پیز ڈاکٹر محمدحسیب مغل، جاوید احمد کول، شیخ جُنید محمود، مبشر لطیفی، سمیر ریکھی، کلبیر سنگھ، ایس ایس پی جموں ، ایس ایس پی پی سی آر جموں، ایس ایس پی ٹریفک جموں اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔