عظمیٰ نیوز سروس
رام بن// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اتوار کو رام بن ضلع میں ماروگ اور بالی نالہ میں نیشنل ہائی وے کے تباہ شدہ حصوں کا معائنہ کیا، جو حالیہ دنوں میں سیلاب اور بادل پھٹنے سے متاثر ہوئے ہیں۔سی ایم عمر نے کہا، “معائنہ کیا جا رہا ہے، شاہراہوں کو نقصان پہنچا ہے، میں نے نیشنل اتھارٹی آف انڈیااور ضلعی انتظامیہ سے بات کی ہے، وہ کہتے ہیں کہ بحالی میں 20-25 دن لگیں گے، تاہم، متبادل راستے دستیاب ہیں۔”راج گڑھ میں حالیہ بادل پھٹنے پر عمر عبداللہ نے کہا، “ایم ایل اے نے کل مجھ سے فون پر بات کی، میں نے فوری طور پر اپنے افسران سے بات کی اور ہم نے ان کے لیے امداد کا اعلان کیا،ڈی سی اور ایس پی موقع پر پہنچ گئے، ریڈ کراس کی طرف سے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مزید جو بھی ضرورت ہو گی ہم کریں گے۔” عمر عبداللہ نے اتوار کو سڑک کے ذریعے سرمائی دارالحکومت کا سفر کیا تاکہ اسٹریٹجک جموں سرینگر قومی شاہراہ پر جاری بحالی کے کام کا معائنہ کیاجائے۔حکام نے بتایا کہ عبداللہ، جنہوں نے ہفتے کے روز سرینگر میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی، کام کی پیشرفت کا خود جائزہ لینے کے لیے سفر کیا۔انہوں نے کہا کہ عبداللہ وزیر داخلہ امیت شاہ کو صورتحال سے آگاہ کریں گے، جو اتوار کی شام سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے دو روزہ دورے پر جموں پہنچ رہے ہیں۔مارونگ میں ہائی وے کے تباہ شدہ حصے کا معائنہ کرنے کے بعد، وزیر اعلیٰ نے نامہ نگاروں کو بتایا، “مسلسل بارش سے مختلف مقامات پر شاہراہ کو نقصان پہنچنے کے بعد ہم یہاں صورتحال کا جائزہ لینے آئے ہیں، مجھے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا اور ضلع انتظامیہ کے حکام نے بتایا کہ ایک متبادل راستہ ہے اور وہ دو طرفہ ٹریفک کو یقینی بنانے کے لیے اس پر کام کر رہے ہیں۔”عبداللہ نے کہا کہ انہیں بتایا گیا کہ سری نگر جموں شاہراہ کی مکمل بحالی میں 20 سے 25 دن لگ سکتے ہیں لیکن متبادل راستے پر دو طرفہ ٹریفک کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے کے برعکس، اس بار سب سے زیادہ پریشانی والا علاقہ رام بن-بانہال کا حصہ نہیں ہے بلکہ ادھم پور سیکٹر میں ہے۔رام بن سے ادھم پور روانہ ہونے سے پہلے انہوں نے کہا، جب تک ادھم پور میں مرمت کا کام مکمل نہیں ہو جاتا، ٹریفک کی معمول کی نقل و حرکت دوبارہ شروع نہیں ہو سکتی۔انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ تر داخلی سڑکیں کھول دی گئی ہیں اور بند رہنے والے تین دیگر راستوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔