جموں// جموں میں بین الاقوامی سرحد کے آر ایس پورہ اور ارنیہ اور ضلع سانبہ کے رام گڑھ سیکٹروں میں بھارتی اور پاکستانی افواج کے مابین گولہ باری کے ہلاکت خیز تبادلے میں سرحد کے دونوں طرف تین عام شہری اور بی ایس ایف کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ 10 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ انتظامیہ نے سرحدی کشیدگی کے پیش نظر آر ایس پورہ اور ارنیہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر پانچ کلو میٹر کے حدود میں آنے والے تعلیمی ادارے فوری طور پر بند کردیئے ہیں۔بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے آبادی والے علاقوں کو نشانہ بناکر شدید مارٹرشیلنگ اور فائرنگ کی گئی ۔ انہوں نے بتایا پاکستانی رینجرز کی طرف سے بلااشتعال گولہ باری گذشتہ رات دیر گئے شروع ہوئی ۔ جمعرات کی صبح تک جاری رہنے والی گولہ باری میں جانی نقصان کے علاوہ درجن بھر رہائشی ڈھانچوں کو بھی نقصان پہنچا ۔ سرحد کی دوسری طرف سے داغے گئے درجنوں مارٹر گولے آبادی والے علاقوں میں گرے ہیں۔ سرکاری طورپر بتایا گیا ہے کہ آر ایس پورہ میں پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں بی ایس ایف ہیڈ کانسٹیبل ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا ۔ ارنیہ سیکٹر میں ایک 14 سالہ لڑکی ہلاک جبکہ تین دیگر رہائشی زخمی ہوئے ۔ مہلوک ہیڈکانسٹیبل کی شناخت 78 بٹالین بی ایس ایف سے وابستہ اے سریش کے بطور کی گئی ہے۔ وہ جنوبی بھارت کی ریاست تامل ناڈوکا رہنے والا ہے۔ زخمی بی ایس ایف اہلکار کی شناخت اڑیسہ کے رہنے والے دوبراج مرمر کے بطور کی گئی ہے۔ ارنیہ سیکٹر میں طرفین کے مابین ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والی 14 سالہ لڑکی کی شناخت سبیٹی دختر ست پال ساکن دیالا چک کٹھوعہ کے بطور کی گئی ہے۔ سبیٹی ارنیہ سیکٹر کے پنڈی چرکان نامی گاؤں میں اپنے ماموں کے گھر آئی ہوئی تھی جہاں وہ فائرنگ کی زد میں آکر لقمہ اجل بن گئی۔ ضلع سانبہ کے رام گڑھ سیکٹر میں ہونے والی فائرنگ میں ایک شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ادھر پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ایک بیان کے مطابق سیالکوٹ کے چپرار سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین ہلاک جبکہ پانچ دیگر زخمی ہوگئے ۔ بیان میں کہا گیاہے کہ سیالکوٹ میں ورکنگ باؤنڈری کے چپرار سیکٹر میں بھارتی فوج نے بلااشتعال جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کندن پورہ نامی گاؤں کی سیول آبادی کو نشانہ بنایا۔ بیان میں کہا گیا ہے ’بھارتی فائرنگ میں دو خواتین ہلاک جبکہ پانچ دیگر عام شہری زخمی ہوئے ۔