عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //جموںراجوری۔پونچھ نیشنل ہائی وے پر بڑھتے ہوئے سڑک حادثات نے مقامی آبادی کو سخت تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران اس شاہراہ پر کئی بڑے اور چھوٹے حادثات پیش آ چکے ہیں جن میں قیمتی جانوں کا ضیاع اور درجنوں لوگ زخمی ہو چکے ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر مقامی لوگوں اور سماجی تنظیموں نے حکومت اور متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا ہے کہ شاہراہ پر فوری طور پر درست حدبندی کی جائے تاکہ حادثات پر قابو پایا جا سکے۔عوامی نمائندوں اور مقامی لوگوںکا کہنا ہے کہ اس شاہراہ پر جگہ جگہ نشاندہی نہ ہونے، مناسب حفاظتی ریلنگ اور سڑک کے کنارے لائن مارکنگ کی کمی کے باعث حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ کئی مقامات پر سڑک کے کنارے گہرے کھڈے اور ڈھلوانیں ہیں، جہاں ذرا سی غفلت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ شاہراہ پر بھاری گاڑیوں، مسافر بسوں اور نجی گاڑیوں کی مسلسل آمد و رفت رہتی ہے، لیکن مناسب ٹریفک سائن، اسپیڈ بریکرز اور روڈ لائٹس کی کمی سے ڈرائیوروں کو مشکلات پیش آتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر فوری طور پر اقدامات نہکئے گئے تو آنے والے دنوں میں حادثات کا سلسلہ مزید بڑھ سکتا ہے۔سماجی کارکنوں اور ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی اس مسئلے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ہائی وے کے دونوں اطراف حفاظتی دیواریں اور مناسب نشانات لگانے کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس کی تعیناتی میں بھی اضافہ کرنا چاہیے۔عوام نے ضلع انتظامیہ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور محکمہ ٹریفک پولیس سے اپیل کی ہے کہ وہ مشترکہ حکمت عملی کے تحت اس مسئلے کا مستقل حل تلاش کریں تاکہ قیمتی جانیں محفوظ رہ سکیں اور مسافروں کو محفوظ اور آرام دہ سفر فراہم کیا جا سکے۔