جموں //صفائی ستھرائی کے سروے میں 253واں مقام حاصل کرنے کے بعد اب جموں شہر کے ریلوے سٹیشن کو ملک کا تیسرا سب سے صاف ریلوے سٹیشن قرار دیا گیا ہے ۔ وزیر ریلوے سُریش پربھو کی جانب سے جاری کوالٹی کنٹرول آف انڈیا کی ایک سروے کے مطابق جموں توی ریلوے اسٹیشن کو ملک کے سب سے صاف ریلوے اسٹیشنوں میں سے تیسرا مقام حاصل ہوا ہے جبکہ وشاکھا پٹنم ریلوے اسٹیشن نے پہلا اور سکندر آباد ریلوے اسٹیشن نے دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔سروے میں نئی دہلی کو 39واں مقام حاصل ہوا ہے۔ بہار کے دربنگا ریلوے اسٹیشن کو ملک کے مشغول ریلوے اسٹیشنوں میں سب سے گندہ ریلوے اسٹیشن قرار دیا گیا ۔ریلوے اسٹیشنوں کی صفائی کے لئے پلیٹ فارموں پر صاف ٹائلٹ،صاف ٹریک اور کوڑے دان بھی ایک شرط تھی۔ریلوے کی جانب سے ریل احاطوں کو صاف رکھنے کے لئے ’’ سوچھ ریل‘‘مہم کے ایک حصہ کے طور پر یہ تیسری سروے تھی۔ریلوے وزیر سریش پربھو نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام اسٹیشنوں کو صاف و شفاف چاہتے ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ کچھ ایسے ریلوے اسٹیشنوں نے اپنی صفا ئی کی رینکنگ میں بہتری دکھائی ہے۔سروے میں آنند وہار ریلوے اسٹیشن کو 5واں مقام حاصل ہو اہے جبکہ نظام الدین ریلوے اسٹیشن اور پُرانی دہلی کو بالترتیب 23واںاور24 واں مقام حاصل ہوا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی کے لوک سبھا حلقہ وارانسی کے ریلوے اسٹیشن کو 14واں مقام حاصل ہو اہے۔ملک کے 407اسٹیشنوں کی سروے کی گئی تھی،جن میں سے 75 اے۔1 زُمرے میں رکھے گئے ہیںاور 332اسٹیشن اے زُمرے میں رکھے گئے ہیں۔اے کٹیگری میں بیاس ریلوے اسٹیشن کو سب سے صاف اسٹیشن قرار دیا گیا ہے جبکہ کھم ریلوے اسٹیشن کو دوسرا نمبر اور احمد نگر اسٹیشن کو تیسرا مقام حاصل ہوا ہے۔اے۔1 کٹیگری میں بہار کے دربنگہ ریلوے اسٹیشن کو .7ویں پوزیشن حاصل ہوئی ہے جبکہ اے کٹیگری میں جوگبانی کو سب سے گندہ اسٹیشن قرار دیا گیا ۔ریلویز کے تقریباً 8000 ریلوے اسٹیشن ہیں جن کو اپنے سالانہ مسافروں کے ریونیو پر 7 زُمروں ۔ اے۔1 ، اے، بی، سی ،ڈی،ای اور ایف میں بانٹا گیا ہے۔ایک سال میں50کروڑ روپے کی آمدنی حاصل کرنے والے اسٹیشنوں کو اے۔1 اسٹیشن میں شمار کیا جاتا ہے جبکہ 6کروڑ اور 50 کروڑ روپے کے درمیان آمدنی حاصل کرنے والے اسٹیشنوں کو اے کٹیگری میں رکھا جاتاہے۔دیگر اسٹیشنوں کو سی کٹیگری میں رکھا جاتا ہے