ایم ایم پرویز
رام بن//ملک کے دیگر حصوں کی طرح چناب خطہ کے تین اضلاع ڈوڈہ، کشتواڑاور رام بن سمیت پورے جموں خطہ میں شب برات مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔مسلمانوں کی بڑی تعداد نے اپنے رشتہ داروں کی قبروں پر حاضری دی اور ان اضلاع کی مختلف مساجد اور مزارات پر رات بھر عبادات میں مصروف رہے۔شب برات شب برات اسلامی کیلنڈر میں ماہ شعبان کی 14اور 15 تاریخ کو منائی جا تی ہےاور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات اور تعلیمات کے مطابق تمام مسلمان رات بھر عبادت کرتے ہیں۔نماز شب کے علاوہ مومنین گناہوں کی معافی کی دعائیں کرتے رہے اور اپنے عزیز و اقارب کی قبروں پر جا کر فاتحہ خوانی کی۔مسلمان یہ بھی مانتے ہیں کہ اللہ شب برات کی رات میں آنے والے سال کے لیے تمام لوگوں کی تقدیر کا تعین کرتا ہے۔مولانا نذیر احمد نے بتایا کہ مذہبی سکالرز اسلام کی تعلیمات پر زور دیتے ہوئے خصوصی خطبہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ نمازی مساجد میں نمازیں ادا کرکے اللہ سے مغفرت طلب کر رہے ہیں اور اجتماعی دعاؤں میں شرکت کی۔مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد شکرگزاری اور عقیدت کی علامت کے طور پر 14 اور 15 شعبان کے اگلے دن روزہ ر کھا۔