جموں//پولیس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب جموں سے ایک نوجوان کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے 8ہتھ گولے برآمد کرکے اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ نوجوان کا تعلق مبینہ طور پر عسکری تنظیم انصار غزوۃ الہند سے بتایا جاتا ہے اور وہ آئندہ 15اگست کو دہلی میں تخریبی سرگرمیاں انجام دینے کے لئے جا رہا تھا۔ نوجوان کی شناخت عرفان حسین وانی ساکن ڈانگر پورہ اونتی پورہ کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ وہ پچھلے قریب ایک برس سے ملی ٹینسی کارروائیوں میں ملوث ہے اور اسے یہ ہتھ گولے دہلی پہنچانے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ آئی جی پی جموں ایس ڈی سنگھ جموال نے یہاں منعقدہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ ’گزشتہ روز پولیس نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر شہر کے ڈگیانہ علاقہ سے نوجوان کو اس وقت حراست میں لے لیا جب وہ دہلی جانے والی ایک بس میں سوار ہو نے کو تھا، اس کے بیگ سے ہتھ گولے برآمد ہوئے ، جو اس نے دہلی لے جاکر اپنے کسی ساتھی کے سپرد کرنے تھے، اس کے علاوہ نوجوان کے قبضہ سے 60ہزار روپے نقدی بھی برآمد ہوئی ۔ ڈی آئی جی نے بتایا کہ 25سالہ عرفان نے اپنا تعلق ذاکر موسیٰ کی قیادت والی انصار غزوۃ الہند سے بیان کیا ہے ، وہ تنظیم کے دوسرے کمانڈر ریحان کے تعلق میں تھا۔ بی اے میں فیل ہونے کے بعد گزشتہ برس عرفان ملی ٹینسی کارروائیوں میں ملوث ہو گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی پولیس کے سپیشل سیل کی ایک ٹیم بھی جموں آرہی ہے تا کہ عرفان سے اس کے دہلی میں روابط کے بارے میں پوچھ گچھ کی جا سکے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر 117/2018درج کر لی ہے ۔ ادھر پولیس نے کہا ہے کہ اننت ناگ پولیس نے جیش محمد سے وابستہ جنگجو کی گرفتاری عمل میں لا کر اُس کے قبضے سے بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد کرکے ضبط کیا۔ 22سالہ مزمل احمد ڈار ولد فیاض احمد ساکن بار گام ترال کی گرفتاری عمل میں لا کر اُس کے قبضے سے بارودی مواد برآمد کرکے اپنے قبضے میں لیا ۔اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ میں مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ۔ پوچھ گچھ کے دوران گرفتار شدہ دہشت گرد کی نشاندہی پر پولیس نے آئی ای ڈی ،چینی گرنیڈ ، ہتھ گولہ ، ڈٹونیٹر ، موبائیل فونز ، بیٹری ، سیفٹی فیوز ، کورڈیکس تار اور دیگر دھماکہ خیز مواد برآمد کرکے ضبط کیا۔ ملزم جیش محمد سے وابستہ دوسرے ارکان کے ساتھ رابطے میں بھی تھا ۔