حسین محتشم
پونچھ//جموں پونچھ قومی شاہراہ اور بڈھا امرناتھ دربار منڈی کو جانے والی سڑک کی خستہ حالی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پونچھ کے مقامی لوگوں اور مذہبی تنظیموں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یاترا سے قبل سڑک کی مرمتی کا مطالبہ کیا ہے۔انہوںنے اس سال بڈھا امرناتھ یاتراکو محفوظ اور ہموار بنانے کو یقینی بنانے کے لئے فوری کارروائی کی امید کی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ دونوں اہم سڑکیں خستہ حال ہیں، جس سے مسافروں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔کارکنوں نے اس بات پر زور دیا کہ سالانہ بڈھا امرناتھ یاترا کے قریب ہے جس میں خطے اور ملک بھر سے ہزاروں عقیدت مندوں کی منڈی، پونچھ میں مقدس دربار کی یاترا متوقعہ ہے تاہم سڑک کی موجودہ صورتحال ان کے سفر اور حفاظت کو بری طرح متاثر کر سکتی ہے۔ ڈاکٹر سکھویندر سنگھ نے کہاکہ ’یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ بار بار عوامی مطالبات اور میڈیا رپورٹس کے باوجود، یہ اہم سڑکیں نظر انداز رہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مانسون کا موسم شروع ہونے اور یاترا میں صرف چند دن رہ جانے کے ساتھ، انتظامیہ کو تیزی سے کام کرنا چاہیے۔ جیت سنگھ عرف پنٹو نے جموں و کشمیر حکومت، خاص طور پر پی ڈبلیو ڈی (پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ) اور ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ جموں پونچھ قومی شاہراہ اور منڈی روڈ کی فوری طور پر بلیک ٹاپنگ اور مرمت کو ترجیح دیں۔ انہوں نے یہ بھی خبردار کیا کہ سڑکوں کی خراب حالت نہ صرف یاتریوں کو تکلیف دیتی ہے بلکہ ان کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈالتی ہے، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں جو بارش کے موسم میں لینڈ سلائیڈنگ کا شکار ہوتے ہیں۔ کارکنوں نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر اور متعلقہ محکموں سے اپیل کرتے ہوئے اختتام کیا کہ وہ ذاتی طور پر مداخلت کریں اور یاترا کے شروع ہونے سے قبل سڑکوں کی جنگی بنیادوں پر مرمت کو یقینی بنائیں۔ مقامی لوگوں اور مذہبی تنظیموں نے بھی اس سال ایک محفوظ اور ہموار زیارت کو یقینی بنانے کیلئے فوری کارروائی کی امید ہے۔