عظمیٰ نیوزسروس
جموں// شیو سینا (یو بی ٹی) جموںوکشمیر یونٹ نے کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں سے ریل روٹ کے ذریعے جوڑنے کا خیرمقدم کیا ہے اور جموں۔کٹرہ۔سری نگر کے درمیان کنیکٹیویٹی ریل کی سہولت اور ڈی ایم یو ٹرینیں چلانے کا مطالبہ کیا ہے۔پارٹی کے ریاستی انٹرمیڈیٹ آفس میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران شیوسینا یو بی ٹی کے ریاستی سربراہ منیش ساہنی نے سیکورٹی وجوہات کی بناء پر دہلی سے کشمیر کے لیے براہ راست ٹرینیں نہ بھیجنے کے محکمہ ریلوے کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دہلی اور دیگر ریاستوں سے کشمیر جانے والے ریل مسافروں کو جموں ریلوے اسٹیشن اور ڈی ایم یو خدمات سے رابطہ فراہم کیا جانا چاہیے۔ جموں۔کٹرہ۔سری نگر کے درمیان شروع کیا جائے تاکہ سیاحوں کو کشمیر کے ساتھ ساتھ جموں کے مذہبی اور سیاحتی مقامات سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے اور پورے جموں و کشمیر کی معیشت مضبوط ہو۔ ساہنی نے کہا کہ جموں کو پہلے ہی سال 2014میں کٹرہ تک ریل سروس کی بحالی کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ جموں کا ہوٹل اور ٹیکسی کا کاروبار تقریباً ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔ کشمیر کے لیے براہ راست ریل سروس شروع ہونے سے اس کے مکمل طور پر تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔ساہنی نے مرکزی وزیر ریلوے اشونی وشنو سے دہلی اور دیگر ریاستوں سے کشمیر جانے والے مسافروں کو جموں ریلوے سٹیشن سے کنیکٹیو ریل کی سہولت فراہم کرنے اور جموں۔کٹرہ۔سری نگر کے درمیان ہر دو سے تین گھنٹے بعد ڈی ایم یو ٹرینیں چلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ساہنی نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور جموں ڈویژن سے جیتنے والے بی جے پی ممبران پارلیمنٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ جموں کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے مذکورہ مطالبات پر آواز بلند کریں۔