عظمیٰ نیوز سروس
جموں //راجوری ۔اننت ناگ پارلیمانی حلقہ سے ممبر پارلیمنٹ میاں الطاف احمد نے جموں-پونچھ شاہراہ کی خراب حالت اور تعمیراتی کام کی سست رفتاری پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ 220 کلومیٹر طویل یہ شاہراہ جموں و کشمیر کے لئے نہایت اہم ہے، جو کہ ان علاقوں میں مواصلاتی اور دفاعی حوالے سے کلیدی حیثیت رکھتی ہے، مگر اس وقت بدترین حالت میں ہے۔ میاں الطاف نے کہا کہ بی آر او (بارڈر روڈز آرگنائزیشن) کے تحت بیکن یونٹ کو سونپے گئے اس اہم منصوبے پر سست رفتاری سے کام عوام کے لئے مشکلات اور خطے کی سٹریٹجک اہمیت کو متاثر کر رہا ہے۔میاں الطاف نے اپنے بیان میں کہاکہ ’’جموں-پونچھ شاہراہ کی خراب حالت عوام کے لئے باعث پریشانی بن چکی ہے، جبکہ بی آر او کی سست رفتاری نے اس اہم سڑک کی افادیت کو ماند کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ شاہراہ صرف مسافروں کے لئے نہیں بلکہ خطے کی دفاعی اور معاشی ضروریات کے لئے بھی اہم ہے۔میاں الطاف نے راجوری-تھنہ منڈی-بفلیاز سڑک کا حوالہ دیتے ہوئے اُسے سری نگر کو جموں اور سرحدی اضلاع سے جوڑنے میں ایک اہم کڑی قرار دیا اور زور دیا کہ اس وقت اس سڑک کی حالت فوری مرمت کی متقاضی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بی آر او اس سڑک کی بحالی اور تعمیراتی کام میں سرعت لائے تاکہ لوگوں کو روزمرہ سفر میں آسانی میسر ہو اور خطے کے مواصلاتی نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر اقدامات کئے جائیں اور شاہراہ کی مرمت کے کام کو تیزی سے مکمل کیا جائے۔