عظمیٰ نیوزسروس
جموں //جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوںکا اعلان کے ساتھ ہی بی جے پی کومضبوط کرنے کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ، بی جے پی کے صدر جے پی نڈا اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ جموں و کشمیر میں بی جے پی کی مہم کی قیادت کریں گے ۔ ان کی ریلیاں اگست کے آخر سے شروع ہوں گی اور اگلے مہینے تک جاری رہیں گی۔ مہم کے دوران وزیر اعظم اور وزیر داخلہ مرحلہ وار طریقوں پر جموں اور کشمیر کے علاقوں کا دورہ کرکے قریب 9ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم مودی جموں و کشمیر میں تقریباً 10 ریلیاں کرکے بی جے پی کی مہم کی قیادت کریں گے۔ تاہم، شاہ اور راج ناتھ سنگھ 15 سے 20 ریلیاں کریں گے جبکہ نڈا 10سے 12ریلیوں سے خطاب کریں گے۔جلسوں کے تفصیلی شیڈول پر بی جے پی کی ایک اعلیٰ سطحی قومی ٹیم جموں کشمیر کے بی جے پی یونٹ کے ساتھ مشاورت کر رہی ہے۔ یہ ریلیاں اس طرح سے منعقد کی جائیں گی کہ جموں صوبے کے تمام 43اسمبلی حلقوں، جو بی جے پی کا بنیادی علاقہ ہے، پارٹی کے چار اعلیٰ انتخابی مہم چلانے والوں میں سے کم از کم ایک کا احاطہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں چوٹی کے چار لیڈروں کی ریلیوں کا بھی منصوبہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی وادی کی تقریباً تمام 47سیٹوں پر اسمبلی انتخابات میں زبردست مقابلہ کرے گی۔ توقع ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی دس ریلیوں کی قیادت کریں گے، جبکہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 7ریلیوں کی قیادت کریں گے۔ان ریلیوں کیلئے پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔