عظمیٰ نیوز سروس
جموں// لیبر کمشنر جموںوکشمیر چرندیپ سنگھ نے مزدوروں کے سایک بڑے اجتماع سے اِستفساری گفتگو کی،جو جموںوکشمیر کے تمام 20اَضلاع سے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شامل ہوئے تھے ۔اِس بات چیت نے مزدوروں کو لیبر کمشنر کے ساتھ براہ راست بات چیت کرنے اور اَپنے مسائل کو اُٹھانے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔لیبر کمشنر نے قوم کے معماروں کے طور پر ان کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے ان کے مفادات کے تحفظ اور اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا کہ فلاحی سکیموں کا فائدہ ان کے اہل خانہ سمیت ہر مزدور تک پہنچے ۔ اُنہوں نے کہا کہ لیبر ڈیپارٹمنٹ کا مقصد آپ کی خدمت اور بااِختیار بنانا ہے ۔ اُنہوں نے بات چیت کے دوران ان کے درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیاجس میں ان کے بچوں کے لئے تعلیمی امداد، ہیلتھ کیئر وغیرہ جیسی فلاحی سکیموں کے فوائد حاصل کرنا شامل ہے۔ اُنہوں نے کارکنوں سے کہاکہ اگر آپ کو حکومت کے دیگر محکموں میں سکیموں کے فوائد حاصل کرنے میں کوئی مسئلہ درپیش ہے تو اِس کے لئے اضلاع میں ہمارے دفاتر آپ کو ان کے حصول میں مدد کریں گے۔‘‘لیبر کمشنرموصوف نے مزدوروں پر زور دیا کہ لیبر قوانین کے تحت ان کے حقوق اور استحقاق سے آگاہ رہیں۔ اُنہوں نے کارکنوں کو ای۔شرم پورٹل پر رجسٹریشن کی طرف توجہ مبذول کی جس سے حکومت کو پی ایم وشوکرما سکیم ، پی ایم جیون جیوتی بیمہ یوجنا ، پی ایم سرکشا بیمہ یوجنا ، پی ایم شرم یوگی مان دھن پنشن سکیم اور دیگر یو ٹی اور مرکزی معاونت والی سکیموں کے تحت مزدوروں کو آسانی سے فائدہ پہنچانے میں مدد ملے گی۔کارکنوں کو 2 اور 3 ؍فروری 2024 ء کو جموںو کشمیر یوٹی میں محکمہ خوراک کے ہر تحصیل سپلائی آفس میں منعقدہ دور روزہ کیمپوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا تاکہ اِس سلسلے میں سپریم کورٹ کی ہدایات کی تعمیل کرتے ہوئے چھوڑے گئے غیر منظم کارکنوںکو راشن کارڈ فراہم کئے جاسکیں۔ کارکنوں نے ان کی فلاح و بہبود اور آن لائن طریقہ کار کے ذریعے خدمات کی فراہمی کے لئے لیبر ڈیپارٹمنٹ کے کردار کو سراہا جس سے شراکت داروں کے لئے مختلف خدمات سے فائدہ اُٹھانا آسان ہوگیا ہے۔لیبر کمشنر نے کارکنوں کو یقین دلایا کہ اس طرح کی بات چیت کا مقصد لیبر فورس اور محکمہ کے درمیان بیداری اور تعاون کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔