جموں//باغبانی کے وزیر بشارت بخاری نے آج باغبانی کی وزیرمملکت پریا سیٹھی کی موجود گی میں تالاب تلو جموں میں ڈائیریکٹوریٹ آف ہارٹیکلچر میں صوبائی سطح کی کیڑے مار ادویات کی ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح کیا۔ 45لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی اس لیبارٹری کو جدید سہولیات اور آلات سے لیس کیا گیا ہے۔اس موقعہ پر وزیر نے کہا کہ اپنی نوعیت کی اس پہلی لیبارٹر ی میں جدید ٹیکنالوجی دستیاب رہے گی جس سے نقلی کیڑے مار ادویات کی خرید و فروخت پر قابو پانے کے تعلق سے دور رَس نتائج برآمد ہوں گے۔اپنے خطاب میں پریا سیٹھی نے کہا کہ کسانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے موزون کوالٹی کنٹرول ضروری ہے تاکہ باغبانی شعبے سے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کئے جاسکیں۔بعد میں بشارت بخاری نے پریاسیٹھی کی موجودگی میں محکمہ باغبانی کے افسران کی میٹنگ طلب کی۔بخاری نے کہا کہ حکومت باغبانی میں پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لئے زمینی سطح پر اقدامات کر رہی ہے ۔وزیرنے باغبانی سے حاصل ہونے والے فصلوں کا معیار بڑھانے کے لئے ماحول دوست اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کی ہدایت دی۔ انہوںنے افسروں کو ایک ہفتے کے اندر اگلے چار برس کے لئے ایک ویژن ڈاکیومنٹ تیار کرنے کے لئے بھی کہا۔وزیرموصوف نے زمین کی پیداواری صلاحیت اور موسمی حالات کو مد نظر رکھ کر مختلف علاقوں میں باغبانی شعبے کو فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوںنے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ زرعی یونیورسٹی کے صلاح و مشورے سے اس سلسلے میں 15روز کے اندر کراپ انفارمیشن پیش کریں۔میٹنگ میں بتایا گیا جموں خطے کو تین موسمی، سب ٹراپیکل ، انٹر میڈیٹ اور ٹمپریٹ زونوںمیں تقسیم کیا گیا ہے جن میں کسانوں کو باغبانی کے جدید طریقے اور ان سے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کی تربیت دی جاتی ہے۔اس سے قبل ناظم باغبانی نے 2016-17ء کے دوران محکمہ کی حصولیابیوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی ۔میٹنگ میں سیکرٹری ہارٹیکلچر ایم ایچ ملک ، ناظم باغبانی جموں بھوانی رکوال ،ڈائریکٹر انفورسمنٹ ڈاکٹر سشیل سا ہنی ، ڈایریکٹر ہارٹیکلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ حفیظ اللہ شاہ ،چیف ہارٹیکلچر افسران کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجو دتھے۔