سمت بھارگو
راجوری//مسلسل بارشوں کے نتیجے میں جموں۔راجوری۔پونچھ قومی شاہراہ (این ایچ-144 اے) پر شدید لینڈ سلائیڈز اور زمین دھنسنے کے واقعات پیش آئے ہیں جس کے باعث آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی ہے اور مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ذرائع کے مطابق منگل کی شام دیر گئے کَنڈی ٹنل کے نزدیک ایک بڑا مٹی کا تودہ گرنے سے شاہراہ مکمل طور پر بند ہو گئی۔ اس دوران درجنوں چھوٹی بڑی گاڑیاں مٹی اور پتھروں کے ڈھیر میں پھنس گئیں اور پوری رات شاہراہ پر ٹریفک معطل رہا۔ بعد ازاں بدھ کی صبح روڈ کلیئرنس مشینری کی مدد سے رکاوٹ کو ہٹا کر ٹریفک جزوی طور پر بحال کیا گیا تاہم صبح کے بعد بھی مشکلات ختم نہ ہو سکیں۔ لگاتار بارش کے باعث دن کے اوقات میں مختلف مقامات پر زمین دھنسنے کے واقعات سامنے آئے جس کے سبب شاہراہ پر ٹریفک بار بار معطل ہوتی رہی اور گاڑیاں رینگتی ہوئی رفتار سے آگے بڑھتی رہیں۔ذرائع کے مطابق اکھنور سیکٹر میں بھمبلا اور ٹانڈہ کے درمیان سڑک کی نازک صورتحال کے پیش نظر حکام نے صرف ایک وقت میں سنگل لین ٹریفک کی اجازت دی، جس کی وجہ سے ٹریفک جام کی کیفیت پیدا ہوئی۔ مسافروں نے کہا کہ کئی گھنٹے کی تاخیر سے انہیں اپنی منزل تک پہنچنا پڑا جبکہ مقامی آبادی کو بھی بنیادی سہولیات کی ترسیل میں دشواریوں کا سامنا ہے۔اہمیت کے پیش نظر یہ شاہراہ راجوری، پونچھ اور ریاسی اضلاع کو براہِ راست جموں سے جوڑتی ہے۔ ایسے میں لینڈ سلائیڈز اور زمین دھنسنے کے باعث بار بار آمدورفت میں رکاوٹ ایک سنجیدہ مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ مقامی شہریوں اور ٹرانسپورٹروں نے مطالبہ کیا ہے کہ شاہراہ کی پختگی اور متبادل راستوں کی فراہمی کے لئے مستقل اقدامات کئے جائیں تاکہ بارشوں کے دوران لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔