عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سرینگر، جموں اور لیہہ کے ہوائی اڈے 14 مئی تک بند رہیں گے۔ حکام نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری فوجی کشیدگی کے پیش نظر (نوٹام)میں توسیع کر دی ہے۔حکام نے اس بات کی تصدیق کی کہ نوٹم کی توسیع “موجودہ سیکورٹی کی صورتحال” کی روشنی میں کی گئی ہے۔حکام نے کہا، “سرینگر، جموں میں فلائٹ آپریشن توسیع شدہ نوٹم کے بعد 14 مئی تک معطل رہے گا۔”سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر، حج پروازوں کو اب مسلسل تیسرے دن منسوخ کر دیا گیا ہے، جس سے کئی عازمین اور مسافر بڑھتے ہوئے تنازعہ کے درمیان پھنسے ہوئے ہیں۔سرینگر ہوائی اڈے پر فی الحال 14مئی تک فلائٹ آپریشن کے لیے بند ہے۔جموں وکشمیر حج کمیٹی نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر 10 مئی کی حج پرواز کو ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نظر ثانی شدہ شیڈول کے متعلق متعلقین کو مطلع کیا جائے گا۔کمیٹی نے قبل ازیں 7، 8 اور 9 مئی کی حج پروازوں کو معطل کیا تھا۔