عظمیٰ نیوزڈیسک
ممبئی //جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے صدر جمعیۃ علما ہندمولانا ارشد مدنی کی ہدایت پر ریاست گیر پیمانے پر پانچ تربیتی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جن کا مقصد جمعیۃ علماء کے ممبران و ارکان کو مقاصد جمعیۃ اور اس کے عملی طریقہ کار سے واقف کرانا ہے، پہلا اجلاس ممبئی اور اس کے مضافاتی اضلاع کے ارکان مجلس منتظمہ کا محمد حاجی صابو صدیق مسافر خانہ میں منعقد ہوا تھا جس میں تقریبا 500 ارکان نے شرکت کی تھی۔ حسب پروگرام اس کا دوسرا اجلاس علاقہ خاندیش کے اضلاع (جل گائوں ،ناسک،،دھولیہ نندوربار،احمد نگر اور شہری جمعیۃ مالیگائوں )کا سٹی ہال ،فٹی روڈدھولیہ میں 13 جولائی کو منعقد ہوا۔یہ اجلاس صبح کے گیارہ بجے سے لیکردوپہر اڑھائی بجے تک تسلسل کے ساتھ جاری رہا۔آخرمیں صدر نے جمعیۃ علماء کی پالیسی کو ایک اعلامیہ حاضرین کو سنایا۔ 350 سے زائد ارکان مجلس منتظمہ نے اس پروگرام میں شرکت کی۔اس اجلاس میں وقف ایکٹ 2025 پر اظہار ناراضگی اور وقف کے متعلق جمعیۃ علما ہند کی کوششوں پر ایک تجویز مولاناشکیل احمدقاسمی (سیکریٹری جمعیۃ علماء دھولیہ)نے پیش کی۔