عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// جمعیت علماء ضلع راجوری کا ایک نمائندہ وفدجموں میں آنجہانی راج کمار تھاپا (سابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری) کے اہل خانہ سے خیر سگالی اور تعزیتی ملاقات کے لئے ان کی رہائش گاہ پر پہنچا۔ اس باوقار وفد کی قیادت جمعیت علماء راجوری کے صدر ڈاکٹر نثار احمد قاضی ندوی نے کی، جبکہ نائب صدر مفتی عبدالرحیم ضیائی قاسمی، مفتی عبدالشکور ندوی، سیکریٹری مولانا ندیم اقبال ثاقب، مولانا تنویر احمد قاسمی، مفتی محمد طیب قاسمی، حافظ محمد طارق سمیت دیگر معزز اراکین بھی ہمراہ تھے۔وفد نے آنجہانی راج کمار تھاپا کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ جمعیت علماء کے صدر ڈاکٹر نثار قاضی نے کہا کہ راج کمار تھاپا نے ملک و قوم کی خدمت میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے ایک لازوال مثال قائم کی ہے، جسے تاریخ ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ راجوری میں بطور اے ڈی ڈی سی ان کی مختصر مگر مثالی خدمات، اعلیٰ اخلاق، اور انسان دوستی کے جذبے کو اہلیانِ راجوری کبھی فراموش نہیں کر پائیں گے۔ ان کی شہادت صرف ان کے خاندان کا نہیں بلکہ پورے سماج اور قومی ہم آہنگی کا بھی ایک بڑا نقصان ہے، جس نے ہر حساس دل کو رنجیدہ کیا ہے۔جمعیت علماء راجوری کے وفد نے واضح کیا کہ ان کی یہ حاضری محض تعزیت تک محدود نہیں، بلکہ باہمی احترام، رواداری اور قومی اتحاد کے اصولوں کی علامت ہے۔ اس موقع پر شہید راج کمار تھاپا کے اہل خانہ نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی خیر سگالی ملاقاتیں نہ صرف دکھ کی گھڑی میں حوصلہ بخشتی ہیں بلکہ مختلف طبقات کے درمیان محبت، امن اور بھائی چارے کو مضبوط کرتی ہیں۔ یہ دورہ ایک زندہ مثال ہے کہ انسانیت اور قومی یکجہتی کے جذبے مذہب، زبان اور علاقائی حد بندیوں سے بالاتر ہو کر معاشرے کو جوڑنے کا کام کرتے ہیں۔