عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//جمعیت اہلحدیث جموں کشمیر کے اہتمام سے اتوار کومومن آباد سرینگر میں عظمت قران کانفرنس کا انعقاد ہوا۔کانفرنس میں بارش کے باوجود لداخ،جموں،رام بن ،کشتواڑ، مڑوہ،پونچھ ،راجوری ارودیگر علاقوں سے سینکڑوں توحیدوسنت کے شیدائیوں نے شرکت کی۔اس کے علاوہ تینوں خطوں میں قائم دینی وتعلیمی اداروں کے بالغ بچے اپنے اساتذہ کے ہمراہ کانفرنس میں شامل ہوئے۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی جمعیت اہلحدیث ہند کے سربراہ مولانااصغر علی تھے جبکہ دیگرمہمان میں ڈاکٹرعبدالغنی مدنی،ڈاکٹراجمل منظور مدنی بھی تھے۔مہمانوں نے جمعیت اہلحدیث جموں و کشمیر کی دعوتی، تعلیمی، تدریسی اور فلاحی سرگرمیوں کو تحسین کا خراج پیش کیا اور اس جمعیت کے مثالی نظم کو سراہا۔ انہوں نے اپنے خطابات میں علم و حکمت کے موتی بکھیر دئیے اورجمعیت کے قائد ڈاکٹر عبداللطیف الکندی کی آہنی اور پرعزم قیادت کو داد و تحسین سے نوازتے ہوئے ان کی علمی، دینی، ملی اور فلاحی خدمات کو نظیر قرار دیا۔ ڈاکٹر الکندی نے اپنے خطاب میں مہمانان کا خیر مقدم کیا اور ان کا تعارف کرتے ہوئے ان کے علمی قد و قامت سے بھی آگاہی دلائی ۔موصوف نے مرکز ابن مسعود لتحفیظ القرآن کے تصور ، اس کی تعمیر اور اب شاہراہ ترقی پر اس کی سبک رفتاری کے ہر پہلو کی وضاحت کی اورجموں کشمیر اور اس سے باہر کئی مسابقوں میں اس کی نمایاں کامیابیوں کی تفاصیل سے بھی آگاہی دلائی ۔انہوں نے کہا کہ اس عظیم کام کو تسلسل کے ساتھ چلانے میں ملت کے غیور و مخیر لوگوں کا تعاون، دعائوں اور ان کا اخلاص نے ہی ہمیں آگے بڑھتے رہنے کا حوصلہ بخشتا ہے ۔ڈاکٹر الکندی نے قرا ن، اس کے پیام سرمدی، فہم قرآن اور حفظ قرآن کے موضوعات کو ایک گلدستہ بناکر پیش کیا ۔انہوں نے ان مراکز کی تعمیر اور ان میں ہو رہے اخلاق سازی، تہذیب نفوس اور تشکیل سیرت کے کام کو اسلاف کا خواب قرار دیا ۔ڈاکٹر الکندی نے کہا کہ ہمارے پاس آج سینکڑوں سند یافتہ علما کرام، فضلا عظام اور بہت سارے حفاظ موجود ہیں ۔مساجد و مراکز کا طویل سلسلہ ہے اللہ کرے کہ قوم و ملت کی رہبری و رہنمائی کا جو کام جمعیت ہر گوشہ زمین میں کررہی ہے ۔ انہوں نے موسم کی غیریقینی صورتحال کے باوجودتوحیدوسنت کے شیدائیوں کی کانفرنس میں شرکت کیلئے ان کاشکریہ اداکیا۔