سرینگر//جمعیت اہلحدیث نے کہا ہے کہ جمعیۃ پچھلی ایک صدی سے ریاست بھر میں توحید وسنت کے فروغ وپھیلائو کے ساتھ ساتھ ریاستی عوام کی تعلیمی فلاحی اور طبی میدان میں جاندار و شاندار خدمات انجام دے رہی ہیں اور اس کی تاریخ ایک کھلی کتاب ہے ۔بیان کے مطابق جمعیۃ کا نظام شورائی ہے اور صدر کا انتخاب باضابطہ طور اس کے آئین کی روشنی میں ہوتا ہے، اور اس منصب کے لئے تجویز کردہ صاحب کے لئے اُن اوصاف سے متصف ہونا لازمی ہے جس کی صراحت آئین جمعیت نے کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاست بھر کے عوام اس حقیقت سے باخبرہیں کہ جمعیۃ اہلحدیث روز بروز تنظیمی استحکام ، دعوتی سرگرمیوں، رفاہی خدمات ،برادر دینی تنظیموں کے ساتھ اتحاد ملت کی کوششوں اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنے غیر مبدل موقف کی وجہ سے ریاستی عوام میں ایک موثر اوردل پذیر آوازبن کر ابھر رہی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعیت کی لیڈرشپ کا انتخاب اس کا خالص اندرونی اور آئینی تقاضا ہے جبکہ جماعتی مفادات کی خاطر ساری جماعت سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند مضبوط اور مستحکم ہے۔ ایسے میںبعض غیر معروف ہفتہ روزہ جریدے کی ہر زہ سرائی ا ور جماعتی حلقوں میں انتشار پیدا کرنے کی نا کام کوشش وقت کے ضیاع کے سوا اور کچھ نہیں اورجمعیۃ اہلحدیث اس طرح کے حربوں سے متاثر ہونے والی نہیں بلکہ اس طرح کی سازشوں کو بے نقاب کرنے اور ملوث افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کاحق محفوظ رکھتی ہیں۔