نوازرونیال
رام بن//ضلع رام بن کے سب ڈویزن رامسو میںجمعیت اہلحدیث تحصیل رامسو کا پہلا تحریری مسابقہ (برائے سکولی طلبہ وطالبات) جامع اہلحدیث مگرکوٹ میں منعقد ہوا۔ شعبۂ تعلیم نے عقیدہ اور سیرت جیسے بنیادی اور اہم دینی موضوعات پر ایسا شاندار مسابقہ ترتیب دیا، جس میں تقریباً تین سو سے زائد طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ یہ اقدام بلاشبہ طلبہ میں دینی ذوق، فکری پختگی اور صحیح عقیدہ کے فروغ کی جانب ایک روشن قدم ہے۔ یہ مسابقہ محض ایک علمی سرگرمی نہیں تھا بلکہ ایک فکری و تربیتی نشست بھی ثابت ہوا، جس نے نئی نسل کے ذہنوں میں عقیدۂ توحید، سیرتِ نبوی ﷺ اور اسلامی تعلیمات کو تازہ کیا۔ ایسے مقابلے طلبہ میں مطالعہ، تحقیق اور علمِ دین سے وابستگی کو بڑھاتے ہیں اور ان کی فکری سمت متعین کرتے ہیں۔ اسی کے ساتھ شعبۂ تعلیم کی منظم اور متحرک انتظامیہ بھی قابلِ ستائش ہے کہ جس نے بہترین منصوبہ بندی، رہنمائی اور نظم و ضبط کے ذریعے اس پروگرام کو شاندار انداز میں کامیاب بنایا۔ انتظامیہ نے نہ صرف عملی انتظامات کو خوش اسلوبی سے سنبھالا بلکہ علمی ماحول اور روحانی فضا کو بھی برقرار رکھا، جو کسی کامیاب تعلیمی نظام کی حقیقی پہچان ہے۔