سرینگر/انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے سنیچر کو انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کے روز تاریخی جامع مسجد کے باہر فورسز تعینات نہ کرے۔
ایک بیان میں انجمن اوقاف کے ترجمان نے کہا کہ جامع مسجد کے ارد گرد فورسز کی تعیناتی سے عبادت کرنے والوں کے اندر خوف پیدا ہوتا ہے۔
بیان کے مطابق فورسز کی تعیناتی سے جامع مسجد کا تقدس بھی پامال ہوتا ہے ،جو لاکھوں کشمیریوں کا روحانی مرکز ہے۔
بیان میں کہا گیا''فورسز کی بھاری تعیناتی سے اُن عناصر کو موقع بھی ملتا ہے وہ جامع مسجد کے ارد گرد گڑ ھ بڑھ پھیلانے کیلئے موقعے کی تلاش میں رہتے ہیں اور جو جامع مسجد کے تقدس کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔''
ترجمان نے مزید کہا کہ انجمن نے بار بار انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ جامع کے ارد گرد فورسز کی تعیناتی سے گریز کیا جائے لیکن بار بار کہنے کے باوجود اس کے برعکس کیا جارہا ہے۔