سرینگر//آزادی پسند قائدین سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے نوجوان کو جیپ سے باندھنے والے آرمی میجر کو توصیفی سند سے نوازنے اور کورٹ آف انکوائیری کی طرف سے انہیں بری کرنے کو بھارتی فاشزم اور سامراجیت کا منہ بولتا ثبوت قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف 26؍مئی جمعہ کو نماز کے بعد پرامن احتجاج کرنے کی کال دی ہے۔ انہوں نے عالمی عدالتِ انصاف (ICJ)، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور حقوقِ بشر کے لیے سرگرم دوسرے مقامی اور بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین معاملے کا سنجیدہ نوٹس لیں اور اس ناانصافی کے خلاف آواز اٹھاکر اپنی مفوضہ ذمہ داریوں کو پورا کریں۔ مزاحمتی قائدین نے کہا کہ بھارتی فوج جموں کشمیر میں سنگین قسم کے جنگی جرائم کا ارتکاب کررہی ہے اور اس کے ہاتھوں اس خطے میں نہتے شہریوں کی زندگیاں زبردست خطرات سے دوچار ہیں۔ کسی کا بھی جان ومال محفوظ نہیں ہے اور ان کے عزت کی بھی کوئی گارنٹی نہیں ہے۔