نیوزڈیسک سرینگر//پورے عالم اسلام کی طرح جموں کشمیر میں بھی جمعتہ الوداع کی تقریبات انتہائی تُزک و احتشام کے ساتھ منائی گئیں اور اس سلسلے میںوادی کے طول و عرض میں نماز جمعہ کے روح پروراجتماعات کا اہتمام ہوا جس کے دوران تپتی گرمیوں کے باوجودلاکھوں فرزندان توحید نے بار گاہ الٰہی میں گڑگڑاکرگناہوں کی مغفرت طلب ک ی۔ماہ رمضان کے آخری جمعہ یعنی جمعتہ الوداع کے حوالے سے سب سے بڑی تقریب جامع مسجد سرینگر میں منعقد ہوئی جہاں ہزاروں لوگوں نے نماز جمعہ ادا کی جس کے بعد ایک دعائیہ مجلس منعقد ہوئی جس میں ریاست میں امن و آشتی اور ناگہانی آفات سے نجات کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ جمعتہ الوداع کے موقعہ پرجامع مسجد سرینگر میں اُس وقت رقعت آمیز مناظر دیکھے گئے جب لوگ رو رو کر اپنے گناہوں کی مغفرت کے لئے دعائیں مانگ رہے تھے۔ دوسری سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی ۔درگاہ میں لوگوں کی بھاری آمد کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ درگاہ اور آس پاس کے علاقوں کے ساتھ ساتھ وہاں کی طرف جانے والے تمام راستوں پر زبردست ٹریفک جام سے لوگ شدید مشکلات میں مبتلا ہوگئے اور دوپہر ہوتے ہوتے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں تبدیل ہوکر رہ گیا۔ درگاہ حضرت بل میں دوپہر سے قبل ہی لوگ صفوں میں بیٹھے درور و اذکار میں محو تھے جن میں خواتین کی بھی ایک بھاری تعداد شامل تھی جو جھلستی گرمیوں کے باوجود اپنے مخصوص انداز میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعائیں مانگتی رہیں ۔چونکہ عالم اسلام گذشتہ کئی دہائیوں سے جمعتہ الوداع کو قبلہ اول کی بازیابی کے دن کے طور بھی مناتا ہے، اس لئے درگاہ حضرت بل میں لوگوں نے عالم اسلام، خصوصاً فلسطین کے لوگوں اور مسجداقصیٰ کی بازیابی کے حق میں بھی دعائوں کا اہتمام کیا۔ اس دوران پتھر مسجد سرینگر ، خانقاہ معلی ،جناب صاحبؒ صورہ، دستگیر صاحبؒ خانیار، مخدوم صاحبؒ،ٹی آر سی مسجد، دستگیر صاحبؒ سرائے بالاسمیت تما م چھوٹی بڑی مساجد اور خانقاہوں میں جمعتہ الوداع کی تقریبات کا اہتما م ہوا جن میں ہزاروں لوگوں نے جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ شہر کی دیگر مساجد ،خانقاہوںاور درگاہوں میں بھی جمعتہ الوداع کے سلسلے میں روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے اور لوگوں کی کثیر تعداد نے ان مجالس میں حصہ لے کرتوبہ و استغفار کیا۔ادھرچرار شریف میں حضرت شیخ العالمؒکی زیات پر جمعتہ الوداع کے سلسلے میں نماز جمعہ کے موقعہ پر بہت بڑ ااجتماع منعقد ہوا جس میں ہزاروں لوگوںنے شرکت کی۔ اس دوران بارہمولہ، کپوارہ، بڈگام، اننت ناگ ،کولگام،بانڈی پورہ،گاندربل ،شوپیاںاور پلوامہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ان اضلاع میں بھی جمعتہ الوداع کی مقدس تقریبات عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئیں جس کے دوران مساجد ، خانقاہوںاور درگاہوں میں نماز جمعہ کے موقعہ پر روح پرور تقریبات کا اہتمام ہوا جن میں علماء اور ایمۂ حضرات نے جمعتہ الوداع کے فلسفے اور اس دن کی فضیلت کو اجاگر کیا اور وادی میں امن و آشتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں