سرینگر//عید سے قبل متعدد اضلاع میں گرفتاریوں، مرد و زن کی مارپیٹ اور زدکوب کرنے کے نہ تھمنے والے سلسلے کودوغلی پالیسی قرار دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ جمعتہ الوداع کے موقعہ پر سخت ترین قدغنیں عائد کرکے لوگوں کو نمازِ جمعہ ادا کرنے سے روک کر پی ڈی پی حکومت نے ظلم و ستم، کشمیر دشمن ، عوام دشمنی اور مسلم دشمنی کا ایک اور گھناونا ریکارڈ قائم کردیا۔ پارٹی ہیڈکوارٹر پر عہدیداروں اور کارکنوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے معاون جنرل سکریٹری نے کہا کہ پی ڈی پی بھاجپا حکومت کا اڑھائی سال ریاست میں سیاسی ، سیکورٹی اور انتظامی سطح پر بدترین دور ثابت ہوا ہے۔انہوں نے پی ڈی پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی نے الیکشن سے قبل ووٹروں کو لبھانے کیلئے بہت سارے فریبی نعرے لگائے لیکن اقتدار ملنے کے بعد یہ سارے شوشے ایک ایک کرکے سراب ثابت ہو گئے۔