ضلع ترقیاتی کمشنروں کو نئی انتظامیہ کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایات
سید رضوان گیلانی
سرینگر//جموں و کشمیر نے ممنوعہ جماعت اسلامی اور اس سے وابستہ فلاح عام ٹرسٹ سے منسلک 215سکولوں کی انتظامی کمیٹیوں کو اپنی تحویل میں لینے کا حکم دیا ہے۔اس سلسلے میں یہ حکم سکریٹری اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ رام نواس پاسوان نے جمعہ کو وزارت داخلہ، حکومت ہند کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے حوالے سے جاری کیا۔وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن ایس او1069(E) مورخہ 28 فروری 2019اور مزید نوٹیفکیشن ایس او 924(E) مورخہ 27فروری 2024کے ذریعے جاری کیے گئے جوغیر قانونی سرگرمیاں کے انسداد دسے متعلق قانون 1967کی دفعہ (3) کی ذیلی دفعہ (1) کے تحت جاری کیے گئے جس میںجماعت اسلامی جموں و کشمیر کو غیر قانونی انجمن قرار دیا گیا۔سکول ایجوکیشن محکمہ کے حکم نامہ میں کہاگیا ہے’’انٹیلی جنس ایجنسیوں نے متعدد اسکولوں کی نشاندہی کی ہے جو کالعدم تنظیم جماعت اسلامی / فلاح عام ٹرسٹ سے براہ راست یا بالواسطہ طور پر وابستہ پائے گئے ‘‘۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایسے 215 اسکولوں کی مینیجنگ کمیٹی کی میعاد ختم ہو چکی ہے اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے اس پر منفی رپورٹ دی ہے۔حکومت نے ان 215 اسکولوں کا انتظام سنبھالنے کا حکم دیا ہے۔حکم نامہ میں کہاگیا ہے’’ان اسکولوں میں داخلہ لینے والے طلباء کے تعلیمی مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے حکومت جموں و کشمیر کے ذریعہ جموں و کشمیر سکول ایجوکیشن رولز 2010کے ذریعہ مشتہرکردہ اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ان سکولوں کا انتظام حکومت کے سپرد کردیاجاتا ہے‘‘۔حکم میں کہا گیا ہے کہ 215سکولوں کی مینیجنگ کمیٹی کو متعلقہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ/ڈپٹی کمشنر کے ذریعہ سنبھال لیا جائے گا جو ان کی درست تصدیق کے بعد متعلقہ سکولوں کے لیے مقررہ وقت میں ایک نئی مینیجنگ کمیٹی کی تجویز کریں گے۔حکم کے مطابق، متعلقہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ یا ڈپٹی کمشنر، ان سکولوں کو اپنی تحویل میں لینے پر سکولی تعلیم محکمہ کے ساتھ مشاورت اور تال میل کے ساتھ مناسب اقدامات کریں گے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ان سکولوں میں داخلہ لینے والے طلباء کا تعلیمی کیریئر کسی بھی طرح متاثر نہ ہو۔حکم میںمزید کہا گیا ہے’’ڈ پٹی کمشنرصاحبان ان اسکولوں میں قومی تعلیمی پالیسی کے اصولوں کے مطابق معیاری تعلیم کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات بھی کریں گے‘‘۔ان سکولوں میں اننت ناگ میں 37، بانڈی پورہ میں6، بارہمولہ میں53، بڈگام میں20، گاندربل میں6، کولگام میں16، کپواڑہ میں36، پلوامہ میں22، شوپیان میں15 اور سری نگر کے چار سکول شامل ہیں۔