اشرف چراغ
کپوارہ// سابق قیم جماعت اسلامی غلام قادر لون نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے کچھ افراد جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے جارہے ہیں۔کپوارہ میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے لون نے کہا’’جماعت اسلامی ایک پر امن جماعت ہے اور اگر پارٹی پر لگی پابندی کوہٹایا جاتا تو (وہ) پارٹی الیکشن میں حصہ لیتی ۔ انہو ں نے کہا کہ جماعت اسلامی پر پابندی برقرار رکھنے کی خبر انہیں اخباروں کے ذریعے ملی لیکن ابھی کوئی باضابطہ آرڈر نہیں آیا ہے ۔تاہم انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے قانونی لڑائی جاری ہے اور قانون کے مطابق ہی راستہ اختیار کیا جارہا ہے۔الیکشن میں حصہ لینے کے حوالے سے لون نے کہا ’’ ہم پہلے کی طرح ووٹ ڈالیں گے، کیوں جماعت اسلامی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے‘‘ ۔غلام قادر لون نے کہا کہ ووٹ ڈالنا ہمار اآئینی حق ہے کیونکہ اس سے ملک کا نظام چلتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوامی سطح پر لوگوں کو بتائیں گے کہ جماعت اسلامی نے پہلے ہی واضح کیا ہے کہ وہ ایک پر امن تحریک ہے اور 1998میںیہ واضح کیا تھا کہ اس کا کسی بھی عسکری جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے ،اور تب سے جماعت نے کبھی کوئی خلاف قانون کام نہیں کیا ہے لہٰذا جماعت پر پابندی برقرار رکھنا انصاف نہیں ہے۔انہوں نے کہا’’ آزاد امیدواروں کی کچھ تعداد ہے، جو الیکشن میں حصہ لینا چاہتے ہیں،جموں میں بھی ایک دو جگہوں پر ‘‘۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے انہوں نے شوری کیساتھ بھی رابطہ قائم کیا ہے اور اگر ایسے لوگ معیار پر اتارتے ہیں، ملک و ریاست، حلقے کیلئے بہتر کام کریں گے اور پابندی ہٹانے میں مدد گار بنیں گے تو جماعت اسلامی ضرور انکی مدد کریگی۔لون نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کسی بھی پارٹی کو ووٹ نہیں دے گی۔انہوں نے کہاکہ شوریٰ ممبران کی اجازت کے بعد جو کوئی بھی امید وارپارٹی امیدو ں پر اترے گا ، اس کا کردار اچھا ہوگا ،انہیں ضرور الیکشن میں مدد کی جائیگی ۔ انہو ں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا ایجنڈا یہ کہ لوگو ں کے مسائل حل کرنے کی بھر پور کوشش کی جائے ۔انہو ں نے کہا کہ ہماری فروٹ انڈسٹری اس وقت خستہ حالت میں ہے اور ہم اس کی ترقی کے لئے کام کریں گے اور اس کے لئے مرکزی سرکار سے بھی رابطہ کریں گے،ریاست میں جو بھی سرکار بنے گی ان کی نوٹس میں فروٹ انڈسٹری کا معاملہ اجاگر کریں گے ۔انہو ں نے کہا کہ گزشتہ چنائوں میں جو دھاندلیاں ہوئیں، ہم بائیکاٹ پر رہیں لیکن گزشتہ سال ہم نے حکومتی ادارو ں سے رابطہ کیا جنہو ں نے یقین دلایا کہ اب جو بھی الیکشن ہوگا ،وہ صاف و شفاف اور پرامن ہونگے اور جس کے حق میںووٹ ڈالا جائے گا اس کے حق میں نتیجہ آئے گا ۔غلام قادر لون نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن آف انڈیا کے شکر گزار ہیں جنہو ں نے حالیہ پارلیمانی الیکشن صاف و شفاف طریقے سے منعقد کئے اور ہماری وہ دیرینہ مانگ پوری ہوئی ،اب کوئی حرج نہیں ہے کہ ہم دوبارہ ووٹنگ میں حصہ لیں ۔