عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر عبدالرحیم راتھر کی جانب سے گزشتہ ماہ اسمبلی اجلاس کے دورا ن ممبر اسمبلی پانپور حسنین مسعودی کی سربراہی میںتشکیل دی گئی11رُکنی ہائوس کمیٹی نے جل جیون مشن کے نفاذ میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کیلئے پیرکو سرینگرمیں اپنی پہلی میٹنگ کی ۔یادرہے اسمبلی کی یہ اعلیٰ سطحی ہائو س کمیٹی، ارکان اسمبلی کی جانب سے جل جیون مشن کے نفاذمیں مبینہ بدانتظامی اور مالی بے ضابطگیوں کا معاملہ اُجاگر کئے جانے کے بعدتشکیل دی گئی تھی ۔ مرکزی سرکارکی مالی معاونت کے تحت روبہ عمل لائی جانے والی یہ فلیگ شپ واٹر سپلائی اسکیم یعنی جل جیون مشن دیگر ریاستوں و یوٹیز کیساتھ ساتھ جموں وکشمیرمیں بھی روبہ عمل لائی جارہی ہے اوراس اسکیم یا مشن کیلئے کروڑوں روپے مختص کئے گئے ہیں اور اس کا بنیادی مقصد ہر گھرتک نل اورنل کے ذریعے پینے کا صاف پانی پہنچاناہے،تاہم جموں وکشمیرمیں جل جیون مشن کے نفاذ میں مالی بے ضابطگیوں اور بدانتظامی کے خدشات سامنے آئے ۔ذرائع نے بتایاکہ 9اپریل 2025کو اسپیکر اسمبلی کی جانب سے تشکیل دی گئی گیارہ رکنی ہائوس کمیٹی کی پہلی میٹنگ پیرکو یہاں لیجسلیٹو اسمبلی کمپلیکس، سیول سیکرٹریٹ سری نگر میں منعقد کی گئی جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین ، ممبر اسمبلی پانپور حسنین مسعودی نے کی۔میٹنگ میں کمیٹی کے سبھی ارکان بشمول ممبراسمبلی محمد یوسف تاریگامی، علی محمد ڈار، الطاف احمد وانی، اعجاز احمد جان، راجیو جسروتیا، رامبیر سنگھ پٹھانیا، تنویر صادق، جاوید ریاض بیدار، مظفر اقبال خان، رفیق احمد نائیک، ارجن سنگھ راجو اور افتخار احمد موجود تھے۔ہائوس کمیٹی کو جل جیون مشن کے تحت پروجیکٹوں پر عمل درآمد کی تحقیقات کا کام سونپا گیا ہے، جس میں فنڈس کی تقسیم میں مبینہ کوتاہیاں نیز بے ضابطگیاں، عمل آوری میں تاخیر، اور تکنیکی عدم تعمیل شامل ہیں۔ 11رُکنی ہائوس کمیٹی ، اسمبلی میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے سے پہلے سرکاری ریکارڈ کا جائزہ لے گی، معائنہ کرے گی اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کرے گا۔غور طلب ہے کہ جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے مارچ ،اپریل2025میں ہونے والے اجلاس کے دوران جل جیون مشن کے نفاذاورعمل آوری میں مبینہ مالی بیضابطگیوںکا معاملہ اسوقت سامنے آیا ،جب حکمراں نیشنل کانفرنس اور کچھ اپوزیشن اراکین نے مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کیا اور ہاؤس کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا۔9 اپریل2025کوجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر عبدالرحیم راتھر نے ہاؤس کمیٹی کی تشکیل دی ،جسکی سربراہی پانپور سے ممبر قانون ساز اسمبلی حسنین مسعودی کو سونپی گئی۔حسنین مسعودی کے علاوہ 11رُکنی ہائوس کمیٹی میں شامل دیگر10ممبران میں محمد یوسف تاریگامی، علی محمد ڈار، راجیو جسروٹیا، رنبیر سنگھ پٹھانیا، تنویر صادق، جاوید ریاض، مظفر اقبال خان، رفیق احمد نائیک، ارجن سنگھ راجو اور افتخار احمد شامل ہیں۔