تہران// چین کے ٹیلی وڑن نے اعلان کیا ہے کہ چین کے ساحل کے مقابل سمندر میں موجود ایرانی آئل ٹینکر اتوار کے روز ڈوب گیا۔چینی ٹی وی کے مطابق مذکورہ ایرانی آئل ٹینکر "سانچی" چھ جنوری کو چین کے ایک مال بردار جہاز کے ساتھ ٹکرا گیا تھا جس کے بعد اس میں خوف ناک آگ بھڑک اٹھی۔اس سے قبل تہران کی جانب سے آئل ٹینکر میں آگ لگنے کے بعد تشکیل دی گئی ریسکیو ٹیم کے ترجمان محمد رستاد نے اعلان کیا تھا کہ چین کے ساحل پر ایک ہفتے سے جلتے ہوئے آئل ٹینکر کے عملے کے کسی فرد کے بچ جانے کی کوئی امید نہیں رہی۔رستاد نے باور کرایا تھا کہ "دو تہائی آئل ٹینکر ڈوب چکا ہے اور آگ نے اس کو مکمل طور پر گھیرے میں لے رکھا ہے جس کے سبب ہم اس کے قریب نہیں جا سکے"۔سانچی آئل ٹینکر میں عملے کے 32 افراد سوار تھے جن میں 30 ایرانی اور 2 بنگلہ دیشی باشندے تھے۔ ان میں صرف 3 افراد کی لاشیں مل پائیں۔گزشتہ ہفتے کے روز شنگھائی کے ساحل سے 300 کلومیٹر دور مشرقی بحیرہ چین میں ایک چینی کارگو جہاز سے تصادم کے بعد ایرانی آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔