عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر حکام نے بدھ کے روز مغربی بنگال کی ایک نجی کمپنی اور آن لائن شاپنگ کمپنی ایمیزون کو مبینہ طور پر جعلی قالینوں کو “مستند کشمیری ہاتھ سے تیار کردہ سلک قالین” کے طور پر غلط برانڈ کرنے کے لیے نوٹس جاری کیا ہے۔ڈائریکٹر محکمہ دستکاری اور ہینڈ لوم مسرت ضیا نے X پر ایک پوسٹ میں کہا”کشمیر کرافٹس کی غلط برانڈنگ کے لیے ایمیزون (Amazon) اور جیول کارپٹ کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں”۔ اپنی پوسٹ کے ساتھ غلط برانڈڈ قالین کا سکرین شاٹ منسلک کرتے ہوئے، ضیا نے کہا، “وہ 2,160اور 2,630 میں مستند کشمیری ہاتھ سے بنے سلک قالین کے نام پر سستے جعلی قالینوںپر 50 فیصدچھوٹ کی پیشکش کر کے لوگوں کو دیوانے بنا رہے ہیں۔نوٹس کے مطابق کمپنی کو گمراہ کن اشتہارات ہٹانے اور معافی مانگنے کی ہدایت کی گئی ہے۔کمپنی کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غلط برانڈ والی مصنوعات کی تمام فروخت کی تفصیلات فراہم کرے اور تین دن کے اندر تعمیل رپورٹ پیش کرے۔