عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ایک بڑی کارروائی میں ریاستی ٹیکس محکمہ کی انفورسمنٹ ٹیم نے اننت ناگ جی ایس ٹی کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں ٹیکس دہندہ سے 11,18,068 روپے کا بھاری جرمانہ وصول کیا ۔مخصوص انٹیلی جنس اطلاع پر عمل کرتے ہوئے ٹیم نے ایک خصوصی ناکا لگایا اور جی ایس ٹی کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والی ایک گاڑی کو جعلی ان پٹ ٹیکس کریڈٹ (آئی ٹی سی) پاس کرکے سامان کی حقیقی نقل و حرکت کے بغیر روکا جس میں 3ٹیکس دہندگان ملوث تھے۔تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ دہلی کی ایک فرم نے دو ٹیکس دہندگان کے حق میں 73,29,554 روپے کے2 ای انوائس اور ای وے بل بنائے لیکن وہ صرف 36,64,777 روپے کا سامان لے کر جا رہی تھی۔ادھر انفورسمنٹ ٹیموں نے جموںصوبے میں انسپکشن مہم چلا کر سیلز دبانے اور جعلی رسیدوں کے خلاف اپنی مہم جاری رکھی۔معائنے مختلف مصنوعی ذہانت والے آلات کے ذریعہ تیار کردہ معلومات پر مبنی تھے جن میں بزنس انٹیلی جنس اور فراڈ اینالیٹکس (BIFA)، ای وے بلز پورٹل اور نفاذ کے ونگز کے دیگر اجزاء شامل ہیں۔یہ مہم کمشنر اسٹیٹ ٹیکس جے اینڈ کے پی کے بٹ کی رہنمائی اور ایڈیشنل کمشنر (انفورسمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریشن) جموں نمرتا ڈوگرا کی نگرانی میں چلائی گئی۔ ٹیموں نے وجے پور، سانبہ، آر ایس پورہ، جموں (وسطی)، سندر بنی، راجوری، کشتواڑ، لکھن پور، کٹھوعہ، بانہال، رامبن اور ادھم پور میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف کاروباری اکائیوں کا دورہ کیا اور جی ایس ٹی قانون کے تحت خلاف ورزیوں کی چھان بین کی۔سٹیٹ ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے ڈیلرز پر زور دیا کہ وہ منصفانہ تجارتی طریقوں پر عمل کریں اور ٹیکس چوری کی سرگرمیوں یا جعلی آئی ٹی سی میں شامل دھوکہ دہی کے طریقوں میں ملوث ہونے سے گریز کریں۔