سرینگر//پولیس نے جشن ِ پاکستان منانے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ویڈیو کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے باضابط طور پر ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ۔ پولیس ترجمان نے کہا کہ قوم دشمن عناصر نے ملک مخالف اور باغیانہ ویڈیو کو سو شل میڈیا پر وائرل کیا ۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ایک ویڈ یو کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے باضابط طور پر مقدمہ درج کیا ہے ۔اس ویڈیو میں نوجوانوں یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے جشن مناتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں جبکہ نوجوانوں نے ایک پریڈ بھی کی اور انکے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم بھی نظر آتے ہیں ۔پولیس ترجمان نے اس ویڈ یو کے حوالے سے سوموار کو ایک بیان جاری کیا ،جس میں بتایا کہ مرن چوک پلوامہ میں مبینہ طور پر عکس بند کئے گئے ویڈیو کو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے سلسلے میں نامعلوم افراد کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس ویڈیو کو باغیانہ قرار دیتے ہوئے پولیس ترجمان نے کہا کہ قوم دشمن عناصر نے ملک مخالف اور باغیانہ ویڈیو جوکہ مبینہ طور مرن چوک پلوامہ میں عکس بند کی گئی ہے ،کو سو شل میڈیا پر وائرل کیا ۔ پولیس نے اس دعوے کو بے بنیاد قرار دیا ۔ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جس میں نوجوان کا ایک گروپ یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے پریڈ نکالکر سبز ہلالی پرچم کو لہراتے ہوئے نظر آتے ہیں جبکہ پس منظر میں پاکستان کا قومی ترانہ بھی بج رہا تھا ۔ادھر میڈیا رپورٹس کے مطابق وادی کے علاقوں میں14اگست کو یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے جشن منایا گیا ۔اس سلسلے میں دختران ملت نے بھی ایک تقریب کا اہتمام کیا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وادی کے مختلف علاقوں میں نوجوانوںنے سبز ہلالی پرچم لہرائے اور پاکستان زندہ باد نعرے لگائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کئی مقامات پر پاکستانی پرچم بلند کیے اور سلامی دی گئی۔ اس موقع پر پاکستان کا قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔