سرینگر// خلیفہ چہارم حضرت علیؑ کے یوم ولادت باسعادت کے موقعہ پر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے مرکزی امام باڑہ بڈگام اور باب العلم بڈگام میں جشنِ مولود کعبہ کا انعقاد کیا گیا۔سوموار کی شام کو باب العلم بڈگام سے ایک جلوس برآمد کیا گیا جو مین چوک بڈگام میں اختتام پذیر ہوا،جس میںمرکزی امام باڑہ حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم کے طلاب، معلمین اور مقامی لوگوں نے شرکت کی۔ تقریب سے سید حسین موسوی اور سید یوسف موسوی نے خطاب کیا اور حضرت علی کی سیرت کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی۔ سید یوسف موسوی نے کہا کہ پیغمبر اسلامؐ کے مبعوث ہونے کے وقت دنیا کے ہر معاشرے اور ہر قوم پر کوئی نہ کوئی طاغوتی قوت مسلط تھی اور اللہ تعالیٰ نے عالم بشریت کی نجات کیلئے پیغمبر اسلامؐ کو ایک جامعہ راہ عمل قرآن کریم کے ساتھ مبعوث کیا ۔ سید محمد حسین موسوی نے حضرت علیؑ کے اُن کارہائے نمایاںپر روشنی ڈالی جوحضرت علی ؑ نے اسلام کی تشہیر و ترویج کی راہ میں حائل رُکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے علمی اور عسکری محاذ پر انجام دیئے۔