کولمبو//پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے دو میچوں کی ٹسٹ سیریز کا آغاز ہوچکا ہے۔ سیریز کا پہلا مقابلہ گالے واقع گالے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ یہاں میزبان ٹیم کے کپتان دمتھ کرونا رتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ حالانکہ ان کا یہ فیصلہ کچھ خاص ثابت نہیں ہوا۔ میزبان ٹیم پہلے ہی دن 222 رنوں کے کل اسکور پر آوٹ ہوگئی ہے۔ سری لنکا کی اس خستہ صورتحال میں پاکستان کے 22 سالہ نوجوان اسٹار تیز گیند باز شاہین شاہ آفریدی کا اہم ہاتھ رہا۔ انہوں نے گرین آرمی کے لئے اوور کی گیند بازی کرتے ہوئے کل چار کامیابی حاصل کی۔ پہلی اننگ میں شاہین آفریدی نے اپوزیشن ٹیم کے جن کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا، اس میں کپتان دمتھ کرونا رتنے، دھننجے ڈی سلوا، وکٹ کیپر نروشن ڈکویلا اور مہیش تیکشنا کا نام شامل رہا۔ آئی سی سی عالمی ٹسٹ چمپئن شپ 2023-2021 میں سب سے زیادہ وکٹ حاصل کرنے کے معاملے میں شاہین آفریدی ہندوستانی تیز گیند باز جسپریت بمراہ کے کافی قریب آگئے ہیں۔ دراصل جسپریت بمراہ نے اس سیزن میں اب تک 10 میچ کھیلتے ہوئے 19 اننگوں میں 19.73 کی اوسط سے 45 وکٹ حاصل کئے ہیں۔ وہیں شاہین آفریدی کے نام بھی 41 وکٹ ہوگئے ہیں۔ اس دوران انہوں نے آٹھ مقابلے کھیلتے ہوئے 14 اننگوں میں شرکت کی ہے۔ ان دونوں گیند بازوں کے بعد تیسرے مقام پر انگلینڈ کے تجربہ کار تیز گیند باز جیمس اینڈرسن کا نام آتا ہے۔ اینڈرسن نے اس سیزن میں اپنی ٹیم کے لئے 10 میچ کھیلتے ہوئے 19 اننگوں میں 21.70 کی اوسط سے 40 وکٹ حاصل کئے ہیں۔