نیوز ڈیسک
نئی دہلی// جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ نے بدھ کو ہندوستان کے 50 ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا۔ وہ 10 نومبر 2024 تک دو سال کا عرصہ گزاریں گے۔صدر دروپدی مرمو نے راشٹرپتی بھون میں جسٹس چندر چوڑ کو چیف جسٹس کے عہدے کا حلف دلایا۔16ویں چیف جسٹس یشونت وشنو چندرچوڑ کے بیٹے، ڈی وائی چندرچوڑ کو 13 مئی 2016 کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا تھا۔11 نومبر 1959 کو پیدا ہوئے چندر چوڑ 31 اکتوبر 2013 سے سپریم کورٹ میں تقرری تک الہ آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رہے۔ اس سے قبل وہ 29 مارچ 2000 سے بمبئی ہائی کورٹ کے جج کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔جسٹس چندر چوڑ کئی آئینی بنچوں اور سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلوں کا حصہ رہے ہیں جن میں ایودھیا اراضی تنازعہ، رازداری کے حق اور زنا سے متعلق معاملات شامل ہیں۔جسٹس چندرچوڑ جسٹس یو یو للت کی جگہ لیں گے، جنہوں نے 74 دنوں کی مختصر مدت کے بعد 8 نومبر کو عہدہ چھوڑ دیا تھا۔ سپریم کورٹ کے جج 65 سال کی عمر میں ریٹائر ہو جاتے ہیں۔